پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں کی جنرل (ر) مرزا اسلم بیگ اور سینئر صحافی غلام اکبر سے ملاقات

23 دسمبر کو مینار پاکستان پر ہونے والے تاریخی عوامی جلسے کی دعوت
ڈاکٹر طاہرالقادری کا ایجنڈا حقیقی ریاست کے قیام کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ مرزا اسلم بیگ
ڈاکٹر طاہرالقادری کا ایجنڈا ملک میں تبدیلی اور غریب عوام کے لئے ایک اچھی کاوش ہے۔ ہم ڈاکٹر طاہرالقادری کے ساتھ ہیں۔ غلام اکبر

پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں سردار منصورخان، ملک طاہر جاوید، میاں بابر حسین نے گزشتہ روز جنرل (ر) مرزا اسلم بیگ اور معروف دانشورسینئر صحافی غلام اکبر سے الگ الگ ملاقات کی اور انہیں 23 دسمبر کو مینار پاکستان پر ہونے والے تاریخی عوامی جلسے کی دعوت دی۔ اس موقع پر مرزا اسلم بیگ نے ڈاکٹر طاہرالقادری کے ایجنڈے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا ایجنڈاحقیقی ریاست کے قیام کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے ڈاکٹر طاہرالقادری کی عالمی سطح پر امن عالم کے لئے کی جانے والی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ ڈاکٹر طاہرالقادری پوری امت کے لئے بہت بڑا کام کر رہے ہیں اور موجودہ وقت میں سیاست نہیں ریاست بچانے کا ایجنڈا ملک و قوم کو مسائل سے نکالنے کے لئے سنگ میل ثابت ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر عوامی تحریک کے مرکزی رہنما سردارمنصور خان نے کہا کہ وقت آ گیاہے کہ ملک کے کروڑوں غریبوں کے مقدر بدلنے کے لئے ہم سب کو مل کر جدوجہد کرناہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہر محب وطن پاکستانی پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ 23 دسمبرکو مینار پاکستان پر پہنچ کر کرپٹ نظام کی تبدیلی کے لئے اپنا کردارادا کرے۔

دوسری جانب معروف سینئر صحافی نامور دانشور غلام اکبر نے عوامی تحریک کے رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری کے نظریات کو سراہا اور ڈاکٹر طاہرالقادری کے ملک میں تبدیلی کے ایجنڈے کو غریب عوام کے لئے ایک اچھی کاوش قراردیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ہر ذی شعور شہری جو ملک میں تبدیلی کاخواہاں ہے وہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے ساتھ ہے۔ سردار منصورخان نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری 23 دسمبر کو مینار پاکستان کے تاریخی میدان میں لاکھوں افراد کے سامنے قومی ایجنڈے کا اعلان کریں گے اور 23 دسمبر کو وطن واپس آ کر ملک میں مثبت اور حقیقی تبدیلی کی بنیاد رکھیں گے۔

سردار منصور خان اور ملک طاہر جاوید نے کہا کہ مینار پاکستان پر 23 دسمبر کو عوام کا ایسا سمندر ہوگا جو آج تک کسی نے نہیں دیکھا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی باتوں سے نہیں بلکہ موجودہ انتخابی نظام کے خلاف جدوجہد سے آئے گی۔ تحریک منہاج القرآن قوم کو تبدیلی کا درست راستہ دکھا رہی ہے جس پر چل کر خوشحالی اور استحکام کی منزل تک پہنچا جا سکتا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top