سیالکوٹ: منہاج القرآن چلڈرن لیگ کی امن کینڈل ریلی

شہر اقبال میں تحریک منہاج القرآن چلڈرن لیگ کے سینکڑوں بچوں نے 19 دسمبر 2012ء کی شب ’امید کی کرن‘ کے عنوان سے ایک پرامن کینڈل ریلی کا انعقاد کیا۔ سینکڑوں معصوم محب وطن بچوں کی یہ پرامن ریلی ہاتھوں میں شمعیں اٹھا کر تحریک منہاج القرآن کے ضلعی دفتر مجاہد روڈ، الممتاز پلازہ سے شروع ہو کر علامہ اقبال چوک پراختتام پذیر ہوئی۔ جہاں سوشل، الیکٹرانکس اور پرنٹ میڈیا کی بھاری اکثریت نے اس ریلی کی کوریج کی۔

تلاوت اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بعد جنرل سیکرٹری منہاج القرآن چلڈرن لیگ سیالکوٹ ارفع رضا اور صدر منہاج القرآن چلڈرن لیگ سیالکوٹ احمد نعمان نے ریاست نہیں سیاست بچاؤ کے عنوان سے اپنے اپنے خطاب میں کہا کہ اگر ملک میں رائج کرپٹ سسٹم تبدیل نہ کیا گیا تو پھر خدا نہ کرے کہ ظالم اور ڈاکو صفت حکمران اس پیارے وطن کے قیمتی اثاثوں میں جو کچھ بچ گیا ہے اس کو بھی بیچ دیں۔ جس کے بعد حکمران ظلم اور جبر کی ایسی داستانیں قائم کریں گے کہ شاید ہماری آنکھیں وہ منظر دیکھنے کی سکت بھی نہ رکھ سکیں گی۔

انہوں نے تمام محب وطن پاکستانیوں کو صرف اور صرف پاکستان کی بقاء کی خاطر 23 مارچ کو مینار پاکستان پہنچنے کی درخواست کی اور آخر میں تمام بچوں نے پیارے وطن پاکستان کی سلامتی اور امن و امان کے لیے خصوصی دعا فرمائی۔ آخر میں ڈسٹرکٹ میڈیا کوآرڈینیٹر تحریک منہاج القرآن سیالکوٹ محمد عرفان الحق، ڈپٹی ڈسٹرکٹ میڈیا کوآرڈینیٹر تحریک منہاج القرآن سیالکوٹ، قیصر مصطفوی، امجد محمود ملک اور بلال علی قادری نے سوشل، الیکٹرانکس اور پرنٹ میڈیا کے ساتھ ساتھ انتظامیہ کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ساری ریلی میں اپنی ڈیوٹی بہت احسن انداز میں انجام دی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top