کوئٹہ راکٹ حملوں کی بھر پور مذمت، قتل و غارت گری میں ملوث عناصر کا کھوج لگایا جائے۔ ڈاکٹر طاہر القادری

انتخابی اصلاحات پر عمل نہ کرایا گیا تو مفاد پرست سیاستدان پاکستان کو بیچ ڈالیں گے
پاکستان میں کرپٹ نظام کی تبدیلی کے لئے ڈاکٹر طاہر القادری کے ایجنڈے کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ انجمن طلباء اسلام

پچھلے 65 سالوں سے نا اہل سیاست دانوں نے ملک کو لوٹ کر کھوکھلا کر دیا ہے۔ پاکستان کی بنیادوں کو مضبوط اور اداروں کو خود مختار بنانے کے لیے کرپشن کا خاتمہ اور دیانت دار قیادت ضروری ہے۔ انتخابات سے قبل انتخابی اصلاحات پر عمل نہ کرایا گیا تو ایک مرتبہ پھر یہ مفاد پرست سیاستدان پاکستان کو بیچ ڈالیں گے۔ وقت آ گیا ہے کہ نوجوان میدان عمل میں آکر پاکستان کو بچا ئیں۔ اگر نوجوانوں نے اپنی ذمہ داریوں کا احساس نہ کیا تو آنے والی نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی۔ ان خیالات کا اظہار شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے انجمن طلباء اسلام کے مرکزی صدر سعید ظفر کھچی کی قیادت میں آئے اعلی سطحی وفد سے مرکزی سیکرٹریٹ پاکستان عوامی تحریک میں ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع صدر پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر رحیق عباسی، قاضی فیض الاسلام، سیکرٹری جنرل انجمن طلباء اسلام آفتاب عظیم بخاری، مرکزی رکن مشاورت منیر مصطفائی اور سلمان چوہدری بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ہم سب نے ملکر پاکستان کو مضبوط کرنا ہے اور پاکستان میں صاف اور شفاف انتخابات کا راستہ ہموار کرنا ہے۔ تا کہ پاکستان قائد اعظم کے ویژن اور اقبال کے خوابوں کی صحیح تعبیر بن سکے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سعید ظفر کھچی نے کہا کہ انجمن طلباء اسلام کرپٹ نظام کی تبدیلی کے لئے ڈاکٹر طاہر القادری کے ایجنڈے کی مکمل حمایت اور تائید کرتی ہے اور ڈاکٹر طاہر القادری کی کال پر لبیک کہے گی۔

دریں اثناء ڈاکٹر طاہر القادری نے کوئٹہ راکٹ حملوں کی بھر پور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارا معاشرہ انتہا پسندی کی آگ میں جل رہا ہے اور اسکے خاتمے کیلئے کوئی منصوبہ بندی نہیں ہے۔ حکومت ہاتھوں سے مصلحت کے دستانے اتارنے میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قانون کی روایت کا معاشرے سے اٹھنا ایک المیہ سے کم نہیں، ملکی سلامتی کا تقاضا ہے کہ قتل و غارت گری میں ملوث عناصر کا کھوج لگایا جائے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top