اٹلی: محفل میلاد چینتو

منہاج القرآن انٹرنیشنل چینتو( اٹلی) کے زیر اہتمام مورخہ 02 فروری 2013ء بروز ہفتہ کو عظیم الشان سالانہ محفل میلاد منعقد کی گئی جس میں عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔

محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت قاری اقتدار حسین نے حاصل کی۔ تلاوت کے بعد ننھے منے بچوں اور بچیوں نے نعتوں کے گلدستے پیش کئے۔ اس کے بعد دیگر ثناء خوانوں کے ساتھ ساتھ منہاج القرآن بریشیا سے تشریف لائے اٹلی کے نامور نعت خواں حاجی یونس بٹ اور حاجی الیاس نے اپنے منفرد اندازمیں گلہائے عقیدت پیش کرکے رونق کو دوبالا کیا۔

محفل میلاد کے مہمان خصوصی علامہ حسن میر قادری (امیر منہاج یورپین کونسل) نے محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر تفصیلی روشنی ڈالی اور کامیابی کے لئے ذات مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ تعلق کو مضبوط کرنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی قیادت میں امت مسلمہ کو عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیم دے رہی ہے اور ان کے ساتھ اپنے تعلق کو مضبوط کرنے کی دعوت دیتی ہے۔ محفل میں دیگر شرکاء کے علاوہ منہاج القرآن کارپی کی جانب سے حافظ عبدالمناف، قاری غلام رسول، اشرف بٹ اور اقبال شاہ نے بھی شرکت کی۔ خطاب کے اختتام پر صلوۃ وسلام کا نذرانہ پیش کیا گیا اور خصوصی دعا کی گئی۔

رپورٹ: حافظ عدیل اظہر

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top