جب تک عوام اس ظالمانہ نظام کو نہیں لپیٹیں گے اس وقت تک روشنی کی کوئی کرن نہیں دکھائی دے گی: علامہ صادق قریشی

مورخہ: 01 مارچ 2013ء

لوڈ شیڈنگ، بم دھماکے اور خوف و ہراس کی کیفیت حقیقت میں عذاب الہی ہے۔
جس معاشرے میں یتیم کا حق مارا جائے اللہ تعالیٰ اس معاشرے سے برکت کا ہاتھ اٹھا لیتا ہے: علامہ صادق قریشی

لاہور: موجودہ دور میں بد امنی، قتل و غارت، لوڈ شیڈنگ ہنگامے بم دھماکے، ٹارگٹ کلنگ اور خوف و ہراس کی کیفیت حقیقت میں عذاب الہی ہے۔ جنوبی ایشیا میں پاکستانی عوام حکمرانوں کی نااہلیوں کا سب سے زیادہ خمیازہ بھگت رہے ہیں اور بد قسمتی سے پاکستان کو ناکام ریاست بنایا جا رہا ہے۔

پاکستان بے تحاشا وسائل، با صلاحیت افرادی قوت اور کرشماتی نعمتوں کے باوجود بھوکا پیاسا اور اندھیروں میں ڈوبا ہوا ہے۔ یہاں آج بھی بھوک کی فصل اُگی ہوئی ہے۔ نوجوان نسل اپنے مستقبل سے ناآشنامنتشر گروہ دکھائی دیتی ہے یہ سارے عذاب جو مسلط ہیں ہمارے اعمال کا نتیجہ ہیں۔ان خیالات کا اظہار تحریک منہاج القرآن کے نائب امیر تحریک علامہ صادق قریشی نے جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعۃ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ جو قومیں حرص و ہوس کا شکار ہوجائیں، جہاں غریب سے اسکے بچوں کا نوالہ تک چھین لیا جائے وہاں ایسے عذاب آیا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا فرمان ہے کہ جس معاشرے میں یتیم کا حق مارا جائے اللہ تعالی اس معاشرے سے برکت کا ہاتھ اٹھا لیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام مسائل سے بے نیاز حکمران طبقہ اپنی عیاشیوں میں مست ہے۔

علامہ صادق قریشی نے کہا کہ استحصالی، فرسودہ اور ظالمانہ انتخابی نظام نے پوری قوم کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔جب تک عوام اس ظالمانہ نظام کو نہیں لپیٹیں گے اس وقت تک روشنی کی کوئی کرن نہیں دکھائی دے گی۔ آج ساری قوم کو اجتماعی توبہ کے ساتھ ساتھ ملک پر مسلط چند سیاسی خاندانوں کو ناکام کرنے کیلئے نظام کے خلاف عملی جدوجہد کرنا ہو گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top