دہشت گردوں کی طرف صحافیوں کو ملنے والی دھمکیاں انتہائی مذموم عمل ہے، پرزور مذمت کرتے ہیں: ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 09 مارچ 2013ء

صحافی برادری کو فوری تحفظ فراہم کرنے کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتیں سنجیدہ اور ٹھوس اقدامات کریں۔
صحافی برادری نے ہمیشہ انتہا پسندی اور دہشت گردی کے مذموم رویوں کے خلاف انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے۔
اہل قلم نے خون جگر سے آزادی صحافت کا چراغ جلایا ہے، صحافی برادری کبھی سر بلند قلم کو سر قلم نہیں ہونے دے گی: ڈاکٹر طاہرالقادری

لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے لاہور پریس کلب ،صحافی کالونی کے رہائشی صحافیوں اور صحافی برادی کو دہشت گردوں کی جانب سے موصول ہونے والی دھمکیوں پر سخت اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی دھمکیاں آزادی صحافت پر کاری ضرب ہیں۔ صحافی برادری نے ہمیشہ انتہا پسندی اور دہشت گردی کے مذموم رویوں کے خلاف انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے۔ صحافی کسی بھی معاشرے کا حقیقی آئینہ ہوتے ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ دہشت گردوں کی طرف صحافیوں کو ملنے والی دھمکیاں انتہائی مذموم عمل ہے اور اس کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے ملک میں دہشت گردی کے واقعات کے تسلسل اور صحافی برادری پر ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے ایسے واقعات پاکستان کی پہچان بن گئے ہیں۔ حکومتیں اور سیکیورٹی ادارے ابھی تک تمام تر دعوؤں کے باوجود دہشت گردی کے ناسور کا علاج کرنے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے پرزور مطالبہ کیا کہ صحافی برادری کو فوری تحفظ فراہم کرنے کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتیں سنجیدہ اور ٹھوس اقدامات کریں۔ دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، مرکزی سیکرٹری اطلاعات قاضی فیض الاسلام، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عبد الحفیظ چوہدری نے بھی صحافیوں کو ملنے والی دھمکیوں کی پر زور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی صحافت جانتی ہے کہ صحافی قوم کا چہرہ ہوتے ہیں۔ اہل قلم نے خون جگر سے آزادی صحافت کا چراغ جلایا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کا ماننا ہے کہ صحافی برادری کبھی سر بلند قلم کو سر قلم نہیں ہونے دے گی۔

پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے جملہ قائدین اور کارکنان صحافی برادری کے ساتھ ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں آزادی اظہار اور حرمت قلم کے وارثوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top