پاکستان میں رائج موجودہ نظام انتخاب سیاست نہیں غلاظت ہے۔ رحیق احمد عباسی

مورخہ: 18 مارچ 2013ء

غیر جمہوری رویے رکھنے والے نااہل سیاستدان ملک کو حقیقی جمہوریت کیسے دے سکتے ہیں
اندھا، بہرہ اور گونگا الیکشن کمیشن ساری کرپشن میں برابر کا شریک ہے
ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کی مرکزی سیکرٹریٹ میں مختلف اضلاع سے آئے پارٹی عہدیداران سے ملاقات میں گفتگو

پاکستان میں رائج موجودہ نظام انتخاب سیاست نہیں غلاظت ہے۔ پاکستان عوامی تحریک نظام انتخاب میں اصلاحات کی جدوجہد جاری رکھے گی۔ قائداعظم رحمۃ اللہ علیہ کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں اور سیاست کو دین کا حصہ سمجھتے ہیں۔ اس فرسودہ نظام انتخاب کے تحت ہونے والے الیکشن اور نام نہاد جمہوریت کا حصہ نہیں بننا چاہتے۔ غیر جمہوری رویے رکھنے والے نااہل سیاستدان ملک کو حقیقی جمہوریت کیسے دے سکتے ہیں۔ حکومتی اراکین اپنے اقتدار کے آخری روز تک کرپشن کے دریاؤں میں ڈبکیاں لگاتے رہے۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے مرکزی سیکرٹریٹ میں مختلف اضلاع سے آئے پاکستان عوامی تحریک کے عہدیداران سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر خرم نواز گنڈا پور، فیاض وڑائچ، ساجد محمود بھٹی، جواد حامد اور میاں زاہد اسلام بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ قومی، صوبائی اسمبلی کے ممبران کو کروڑوں روپے ترقیاتی فنڈز کے نام پر رشوت دینے کی بجائے اگر یہی رقم عوام کے بنیادی حقوق کے منصوبہ جات، بجلی کے بحران اور بے روزگاری کے خاتمے پر خرچ کی جاتی تو شاید اسے جمہوری نظام کہا جاتا مگر یہ جمہوریت نہیں بلکہ آمریت کی بدترین مثال ہے۔ حکومت نے اپنے اقتدار کے آخری روز بنکوں کی چھٹی ختم کر کے لوٹ مار کے ریکارڈ قائم کئے جبکہ آزادی و خودمختاری کا دعویدار الیکشن کمیشن ان تمام اقدامات کو جائز قرار دیتا رہا۔ اندھا، بہرہ اور گونگا الیکشن کمیشن اس ساری کرپشن میں برابر کا شریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ نگران وزیر اعظم پر نورا کشتی صرف اس لئے ہے کہ ملک کو لوٹنے اور عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کیلئے مزید چند دن مل جائیں۔ حکومت اور نام نہاد اپوزیشن ایسا نگران سیٹ اپ چاہتے ہیں جس کے آنے سے انکی دھاندلیوں اور بے ایمانیوں کا سلسلہ یونہی جاری رہے۔

ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ یہ سب مسائل صرف اس لئے ہیں کہ پاکستان میں جو آئین کی بالادستی کی بات کرتا ہو اس پر جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کا الزام لگا دیا جاتا ہے۔ پاکستان 1947 میں صرف جغرافیائی طور پر آزاد ہوا مگر پچھلے 65 برس سے اس کے عوام غلام ہی ہیں۔ اس فرسودہ نظام اور غیر حقیقی جمہوریت نے ان غریب عوام کو کیا دیا سوائے بھوک، افلاس، بےروزگاری، دہشت گردی، مایوسی اور عدم تحفظ کے۔ پاکستان عوامی تحریک عوام کے حقوق کی جنگ جاری رکھے گی اور اس ملک کے ہر فرد کو اسکے حقوق دلا کر دم لیں گے۔ انہوں نے راولپنڈی میں کامیاب، تاریخی اور فقید المثال عوامی اجتماع پر کارکنوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ پوٹھوہار کی سرزمین نے اس سے قبل اتنا بڑا عوامی اجتماع نہیں دیکھا۔ پاکستان کی ترقی آئین و قانون کی بالادستی اور عوامی حقوق کی بحالی کیلئے یہ جلسہ سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top