الیکشن کمیشن جیسا ہے ویسا ہی الیکشن ہوتا نظر آ رہا ہے اس لئے اس جرم میں شریک نہیں ہو سکتے۔ رحیق احمد عباسی

مورخہ: 20 مارچ 2013ء

آرٹیکل 62, 63 اور 218 کے بغیر ہونے والے الیکشن آئین پاکستان کے ساتھ مذاق ہو گا
گھوڑوں کی سیاست عوام کو حقوق نہیں دلا سکتی عوام کو حقوق دلانے کیلئے انسانوں کا الیکشن کرانا پڑے گا

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ جیسا الیکشن کمیشن ہے ویسا ہی الیکشن ہوتا نظر آ رہا ہے اس لئے اس جرم میں شریک نہیں ہو سکتے۔ نامزدگی فارم میں چوروں اور لٹیروں کیلئے پارلیمنٹ کا دروازہ دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔ سکروٹنی نام کی کسی شے کا عملا وجود نہیں ہے۔ الیکشن کی رسم ادا کر کے آمرانہ جمہوریت کے تسلسل کو قائم رکھا جائے گا۔ الیکشن کے بعد دہشت گردی اور انتہا پسندی کو فروغ ملے گا۔ جس کے نتیجے میں ملک کا وجود خطرے میں پڑ سکتا ہے۔ پولنگ ڈے پر ملک بھر میں پرامن دھرنے دیے جائیں گے۔ یہ دھرنے پولنگ سٹیشنوں کے نزدیک نہیں ہونگے۔ ہر شہر میں عوام کی بڑی تعداد پاکستان عوامی تحریک کے دھرنوں میں شرکت کر کے موجودہ نظام انتخاب کے خلاف پرامن احتجاج ریکارڈ کرائے گی۔ پولنگ ڈے دھرنوں پر تنقید کرنے والے سیاسی یتیم ہیں جو مقتدر پارٹیوں کے سامنے اپنے نمبر بنانے کیلئے بیانات دے رہے ہیں۔

وہ گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد کے عہدیداران سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد کے صدر شاہد شنواری، جنرل سیکرٹری غضنفر کھوکھر اور دیگر عہدیداران موجود تھے۔

ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ خطرناک ممالک کی فہرست میں پاکستان کا دوسرا نمبر ہے۔ ووٹوں کی خاطر دہشت گردی کو تحفظ دینے کی سوچ اگر کامیاب ہو گئی تو پاکستان دنیا کا خطر ناک ترین ملک بن جائے گا۔

ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ آرٹیکل 62, 63 اور 218 کے بغیر ہونے والے الیکشن آئین پاکستان کے ساتھ مذ اق ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ گھوڑوں کی سیاست عوام کو حقوق نہیں دلا سکتی۔ عوام کو حقوق دلانے کیلئے انسانوں کا الیکشن کرانا پڑے گا جو ہوتا دکھائی نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا کہ 23 دسمبر کا تاریخی جلسہ لانگ مارچ اور لیاقت باغ کے جلسہ تک ہماری جدوجہد نے ثابت کر دیا ہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری کسی اور کے نہیں عوام کے ایجنڈے پر کام کر رہے تھے۔ ڈاکٹر طاہر القادری کی نظام کے خلاف یہی جدوجہد مستقبل میں پاکستان میں حقیقی جمہوریت کے قیام کا باعث ہو گی۔ انقلاب عوام پاکستان کا مقدر ہے اور وہ آ کر رہے گا۔ نام نہاد الیکشن تماشے کے بعد سب دیکھ لیں گے کہ جمہوریت کے نام پر اس ملک کے عوام کے ساتھ کتنا بڑا دھوکہ کیا گیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top