اندھا، بہرہ اور گونگا الیکشن کمیشن ساری کرپشن میں برابر کا شریک ہے: عمر ریاض عباسی

مورخہ: 20 مارچ 2013ء

پاکستان میں رائج موجودہ نظام انتخاب سیاست نہیں غلاظت ہے۔
غیر جمہوری رویے رکھنے والے نااہل سیاستدان ملک کو حقیقی جمہوریت کیسے دے سکتے ہیں: عمر ریاض عباسی

اسلام آباد: پاکستان میں رائج موجودہ نظام انتخاب سیاست نہیں غلاظت ہے۔ پاکستان عوامی تحریک نظام انتخاب میں اصلاحات کی جدوجہد جاری رکھے گی، قائداعظم رحمۃ اللہ علیہ  کی سیاست پریقین رکھتے ہیں اورسیاست کو دین کا حصہ سمجھتے ہیں۔ اس فرسودہ نظام انتخاب کے تحت ہونے والے الیکشن اور نام نہاد جمہوریت کا حصہ نہیں بننا چاہتے۔ غیر جمہوری رویے رکھنے والے نااہل سیاستدان ملک کو حقیقی جمہوریت کیسے دے سکتے ہیں۔ حکومتی اراکین اپنے اقتدار کے آخری روز تک کرپشن کے دریاؤں میں ڈبکیاں لگاتے رہے۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عمر ریاض عباسی نے میڈیا سیکرٹریٹ اسلام آباد میں، راولپنڈی، اسلام آباد سے آئے پاکستان عوامی تحریک کے عہدیداران سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پرغلام مصطفی نورانی، ابرار رضا ایڈووکیٹ، شاہد شنواری، غضنفر کھوکھر، غلام علی خان، شمریزاعوان اور دیگر بھی موجود تھے۔ عمرریاض عباسی نے کہا کہ قومی، صوبائی اسمبلی کے ممبران کو کروڑوں روپے ترقیاتی فنڈز کے نام پر رشوت دینے کی بجائے اگر یہی رقم عوام کے بنیادی حقوق کے منصوبہ جات، بجلی کے بحران اور بے روزگاری کے خاتمے پر خرچ کی جاتی تو شاید اسے جمہوری نظام کہا جاتا مگر یہ جمہوریت نہیں بلکہ آمریت کی بدترین مثال ہے۔ حکومت نے اپنے اقتدار کے آخری روز بنکوں کی چھٹی ختم کر کے لوٹ مار کے ریکارڈ قائم کئے جبکہ آزادی و خودمختاری کا دعویدار الیکشن کمیشن ان تمام اقدامات کو جائز قرار دیتا رہا، اندھا، بہرہ اور گونگا الیکشن کمیشن اس ساری کرپشن میں برابر کا شریک ہے۔

انہوں نے کہا کہ نگران وزیر اعظم پر نورا کشتی صرف اس لئے ہے کہ ملک کو لوٹنے اور عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کیلئے مزید چند دن مل جائیں۔ حکومت اور نام نہاد اپوزیشن ایسا نگران سیٹ اپ چاہتے ہیںجس کے آنے سے انکی دھاندلیوں اور بے ایمانیوں کا سلسلہ یونہی جاری رہے۔انہوں نے کہا کہ یہ سب مسائل صرف اس لئے ہیں کہ پاکستان میں جو آئین کی بالادستی کی بات کرتا ہو اس پر جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کا الزام لگا دیا جاتا ہے۔پاکستان 1947 میں صرف جغرافیائی طور پر آزاد ہوامگر پچھلے 65 برس سے اس کے عوام غلام ہی ہیں۔اس فرسودہ نظام اور غیر حقیقی جمہوریت نے ان غریب عوام کو کیا دیا سوائے بھوک،افلاس،بے روزگاری،دہشت گردی،مایوسی اور عدم تحفظ کے۔پاکستان عوامی تحریک عوام کے حقوق کی جنگ جاری رکھے گی اور اس ملک کے ہر فرد کو اسکے حقوق دلا کر دم لیں گے۔انہوں نے راولپنڈی میں کامیاب،تاریخی اور فقید المثال عوامی اجتماع پر کارکنوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ پوٹھوہار کی سر زمین نے اس سے قبل اتنا بڑا عوامی اجتماع نہیں دیکھا۔پاکستان کی ترقی آئین و قانون کی بالادستی اور عوامی حقوق کی بحالی کیلئے یہ جلسہ سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top