11 مئی کو اس استحصالی نظام انتخاب کے خلاف حوا کی بیٹیاں بھی لاکھوں کی تعداد میں پرامن دھرنوں میں شریک ہونگی۔ نوشابہ ضیاء

مورخہ: 28 مارچ 2013ء

قوم کی بیٹیاں فرسودہ اور کرپٹ انتخابی نظام کو دفن کر کے دم لیں گی
فرسودہ نظام اور غیر حقیقی جمہوریت نے غریب عوام اور خواتین کو سوائے بھوک، افلاس، بیروزگاری، دہشت گردی، لوڈ شیڈنگ اور عدم تحفظ کے کچھ نہیں دیا
نوشابہ ضیاء، فرح ناز اور عائشہ شبیر کا پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ کی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے خطاب

پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ کی مرکزی رہنماء نوشابہ ضیاء نے کہا ہے کہ 11 مئی کو اس استحصالی نظام انتخاب کے خلاف حوا کی بیٹیاں بھی لاکھوں کی تعداد میں پرامن دھرنوں میں شریک ہونگی۔ قوم کی بیٹیاں فرسودہ اور کرپٹ انتخابی نظام کو دفن کر کے دم لیں گی۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری اس قوم کے حقیقی لیڈر ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک کے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کچن کے ٹھنڈے چولھے روشن کرنے، روزگار، تعلیم، صحت، غریب عوام اور خواتین کے بنیادی حقوق کی بات کی ہے۔ 11 مئی کو الیکشن ڈے کو لاکھوں خواتین اس استحصالی انتخابی نظام کے خلاف پرامن دھرنوں میں شرکت کیلئے گھروں سے نکلیں گی اور حقیقی تبدیلی کا شعور لے کر لوٹیں گی۔ انقلاب عوام اور پاکستان کا مقدر بن چکا اور وہ آ کر رہے گا۔ 11 مئی کو نام نہاد الیکشن کے تماشے کو سب دیکھ لیں گے کہ جمہوریت کے نام پر اس ملک کے عوام کے ساتھ کتنا بڑا دھوکہ اور فراڈ ہوا ہے۔ اس فرسودہ نظام اور غیر حقیقی جمہوریت نے ان غریب عوام اور خواتین کو سوائے بھوک، افلاس، بے روز گاری، دہشت گردی اور عدم تحفظ کے اور کیا دیا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ عوام اور خواتین کے حقوق کی جنگ جاری رکھے گی اور اس ملک کے ہر فرد کو اسکے حقوق دلا کر دم لے گی۔ پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ کے تحت لاکھوں خواتین، مائیں، بہنیں، بیٹیاں اور ساری قوم 11 مئی کو پولنگ ڈے کو پرامن دھرنے دے کر اس استحصالی نظام انتخاب کو مسترد کریں گی۔ پاکستان کی 65 سالہ تاریخ میں یہ پہلا واقعہ ہو گا کہ جہاں لوگ ووٹ ڈالیں گے وہاں لاکھوں مرد و خواتین پولنگ سٹیشنوں سے دور رہ کر آئین و قانون اور جمہوریت میں رہتے ہوئے اس عوام دشمن نظام انتخاب کو مسترد کر دیں گے۔ 11 مئی کو ملک کے 300 سے زائد شہروں میں دھرنے دیے جائیں گے۔ کروڑوں مرد و خواتین اس کرپٹ نظام انتخاب کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے اور پاکستان عوامی تحریک ساری قوم کو یہ پیغام دے گی کہ ـ’’ کرپٹ نظام سے لڑنا ہو گا، 11 مئی کو دھرنا ہو گا‘‘۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ کی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ کی رہنماء فرح ناز، شاکرہ چوہدری اور عائشہ شبیر بھی موجود تھیں۔

نوشابہ ضیاء نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کے بغیر ہونے والے الیکشن قوم و ملک اور حقیقی جمہوریت کے خلاف گہری سازش ہونگے۔ ایسے غیر آئینی الیکشن کے نتیجے میں کوئی مستحکم حکومت نہ بن سکے گی بلکہ Hung پارلیمنٹ وجود میں آئے گی۔ قوم کو پھر اتنا بڑا تماشا دیکھنا پڑے گا کہ پچھلی حکومت کے پانچ سال بھول جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان غیر آئینی انتخابات کے ذریعے تبدیلی کی بات کرنے والوں کو بھی اپنا راستہ بدلنا پڑے گا۔ 11 مئی کے بعد مخلوط پارلیمنٹ وجود میں آئے گی اور پھر پوری قوم کہے گی کہ پاکستان عوامی تحریک کا فیصلہ درست تھا۔

ایگزیکٹو کونسل سے خطاب کرتے ہوئے فرح ناز نے کہا کہ ملک نازک دور سے گزر رہا ہے اور اسے ٹوٹنے سے بچانے اور ترقی و خوشحالی دینے کیلئے قوم کو غلط اور صحیح میں تفریق کرنا ہو گی۔ اگر پاکستان عوامی تحریک کے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے دیے ہوئے فارمولے کے مطابق 30 دن کی سکروٹنی اور 62, 63 پر صحیح معنوں میں عمل ہو جاتا تو آج الیکشن کے عمل سے کرپٹ عناصر کا صفایا ہو جاتا۔ پاکستان عوامی تحریک استحصالی نظام کے تحت ہونے والے الیکشن کو ملک و قوم کے ساتھ بڑا دھوکہ اور مذاق سمجھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 11 مئی کے دھرنے میں ہم خیال سیاسی جماعتیں، سماجی تنظیمیں، تاجر و طلباء تنظیمیں، NGOs اور خواتین کے حقوق کی نمائندہ تنظیمیں بھی شرکت کریں گے۔ 11 مئی کے دھرنے کیلئے 50 سے زائد انتظامی کمیٹیاں تشکیل دی گئیں ہیں جنہوں نے تفویض کی گئی ذمہ داریوں پر کام شروع کر دیا ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شاکرہ چوہدری نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کسی کو بھی ووٹ ڈالنے کے عمل سے جبراً نہیں روکے گی اور نہ ہی دھرنے کے شرکاء کوئی غیر قانونی، غیر آئینی اور غیر جمہوری طرز عمل اپنائیں گے بلکہ پولنگ سٹیشنوں سے دور رہ کر امن و امان کو برقرار رکھتے ہوئے پوری قوم کو بتائیں گے کہ اس فرسودہ نظام اور غیر حقیقی جمہوریت نے غریب عوام اور خواتین کو سوائے بھوک، افلاس، بیروزگاری، دہشت گردی، لوڈ شیڈنگ اور عدم تحفظ کے کچھ نہیں دیا۔ اس نظام انتخاب میں ووٹ دینا کرپشن، دہشت گردی، ظلم و بدعنوانی اور ملک توڑنے میں مدد کرنا ہے۔ 40 سے 50 فی صد ووٹ نہ ڈالنے والے لوگ بھی اس نظام کو پہلے ہی مسترد کرتے ہیں۔

پاکستان عوامی تحریک کی مرکزی رہنما عائشہ شبیر نے ملک میں جاری قیامت خیز لوڈ شیڈنگ پر سخت احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی کے اس دور میں طویل لوڈ شیڈنگ ملک و قوم کو پتھر کے دور میں واپس لے جانے کے مترادف ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت طویل لوڈ شیڈنگ کے عذاب سے عوام کو نجات دلانے کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھائے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top