11 مئی کو اس استحصالی نظام انتخاب کے خلاف حوا کی بیٹیاں بھی لاکھوں کی تعداد میں پر امن دھرنوں میں شریک ہونگی: راضیہ نوید

مورخہ: 28 مارچ 2013ء

قوم کی بیٹیاں فرسودہ اور کرپٹ انتخابی نظام کو دفن کر کے دم لیں گی: راضیہ نوید
فرسودہ نظام اور غیر حقیقی جمہوریت نے غریب عوام اور خواتین کو سوائے بھوک، افلاس، بیروزگاری، دہشت گردی، لوڈ شیڈنگ اور عدم تحفظ کے کچھ نہیں دی: نصرت امین

اسلام آباد: پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ کی مرکزی رہنماء راضیہ نویدنے کہا ہے کہ 11مئی کو اس استحصالی نظام انتخاب کے خلاف حوا کی بیٹیاں بھی لاکھوں کی تعداد میں پر امن دھرنوں میں شریک ہونگی۔ قوم کی بیٹیاں فرسودہ اور کرپٹ انتخابی نظام کو دفن کر کے دم لیں گی۔ ڈاکٹر محمد طاہر القادری اس قوم کے حقیقی لیڈر ہیں۔

پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کچن کے ٹھنڈے چولھے روشن کرنے، روزگار، تعلیم، صحت، غریب عوام اور خواتین کے بنیادی حقوق کی بات کی ہے۔ 11 مئی کو الیکشن ڈے والے دن لاکھوں خواتین اس استحصالی انتخابی نظام کے خلاف پر امن دھرنوں میں شرکت کیلئے گھروں سے نکلیں گی اور حقیقی تبدیلی کا شعور لے کر لوٹیں گی۔

انقلاب عوام اور پاکستان کا مقدر بن چکا اور وہ آ کر رہے گا۔ 11مئی کو نام نہاد الیکشن کے تماشے کو سب دیکھ لیں گے کہ جمہوریت کے نام پر اس ملک کے عوام کے ساتھ کتنا بڑا دھوکہ اور فراڈ ہو ا ہے۔ اس فرسودہ نظام اور غیر حقیقی جمہوریت نے ان غریب عوام اور خواتین کو سوائے بھوک، افلاس، بے روز گاری، دہشت گردی اور عدم تحفظ کے اور کیا دیا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ عوام اور خواتین کے حقوق کی جنگ جاری رکھے گی اور اس ملک کے ہر فرد کو اسکے حقوق دلا کر دم لے گی۔

پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ کے تحت لاکھوں خواتین، مائیں، بہنیں، بیٹیاںاور ساری قوم 11مئی کو پولنگ ڈے والے دن پر امن دھرنے دے کر اس استحصالی نظام انتخاب کو مسترد کریں گی۔ پاکستان کی 65 سالہ تاریخ میں یہ پہلا واقعہ ہو گا کہ جہاں لوگ ووٹ ڈالیں گے وہاں لاکھوں مرد و خواتین پولنگ سٹیشنوں سے دور رہ کر آئین و قانون اور جمہوریت میں رہتے ہوئے اس عوام دشمن نظام انتخاب کو مسترد کر دیں گے۔

11 مئی کو ملک کے 300 سے زائد شہروں میں دھرنے دئیے جائیں گے، کروڑوں مرد و خواتین اس کرپٹ نظام انتخاب کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے اور پاکستان عوامی تحریک ساری قوم کو یہ پیغام دے گی کہ ـ’’ کرپٹ نظام سے لڑنا ہو گا، 11مئی کو دھرنا ہو گا ‘‘۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے پاکستان عوامی تحریک کے اسلام آباد کے ضلعی سیکرٹریٹ میں پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ کی دیگررہنماو کارکنان بھی موجود تھیں۔

اس موقع پر جنرل سیکرٹری نصرت امین نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کے بغیر ہونے والے الیکشن قوم و ملک اور حقیقی جمہوریت کے خلاف گہری سازش ہونگے، ایسے غیر آئینی الیکشن کے نتیجے میں کوئی مستحکم حکومت نہ بن سکے گی بلکہ غیر مستحکم پارلیمنٹ وجود میں آئے گی۔ قوم کو پھر اتنابڑا تماشا دیکھنا پڑے گا کہ پچھلی حکومت کے پانچ سال بھول جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ان غیر آئینی انتخابات کے ذریعے تبدیلی کی بات کرنے والوں کو بھی اپنا راستہ بدلنا پڑے گا۔ 11مئی کے بعد مخلوط پارلیمنٹ وجود میں آئے گی اور پھر پوری قوم کہے گی کہ پاکستان عوامی تحریک کا فیصلہ درست تھا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top