موجودہ جمہوری نظام کرپشن کو تحفظ فراہم کرتا ہے: غلام مصطفی نورانی

ہماری جنگ انتخابات کے خلاف نہیں کرپٹ انتخابی نظام کے خلاف ہے۔
موجودہ نظام انتخاب مخدوش اور بوسیدہ ترین عمارت ہے۔
پاکستان عوامی تحریک کے پر امن دھرنے الیکشن ڈے پر ہوں گے: غلام مصطفی نورانی

اسلام آباد: پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے آرگنائزر غلام مصطفی نورانی نے کہا ہے کہ موجودہ الیکشن کمیشن غیر آئینی ہے۔ موجودہ نظام انتخاب مخدوش اور بوسیدہ ترین عمارت ہے جس سے ملک و قوم کو شدید ترین خطرہ ہے اس لئے مسمار کر کے اسکی تعمیر نو کی ضرورت ہے۔ مرمت سے کام چلانے کی کوشش قوم کو ملبے تلے دبانے کا مکروہ اقدام ہو گا۔ موجودہ نظام کے تحت ووٹ ڈالنا جرم ہو گا۔ اس جرم میں شامل ہونے کی بجائے عوام کو شعور و آگہی کی چھتری تلے پاکستان عوامی تحریک کے دھرنوں میں شریک ہو کر پوری دنیا کو جمہوری شعور کا ثبوت دینا ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں پاکستان عوامی تحریک اسلام آبادکے وفد سے ضلعی سیکرٹریٹ میں ملاقات کے دوران کیا۔ وفد میں شاہد شنواری، اشتیاق میر ایڈووکیٹ، راجہ منیراعجاز، غضنفرکھوکھر، انصار ملک، قاری ایاز اور دیگربھی شامل تھے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے پر امن دھرنے الیکشن ڈے پر ہوں گے۔ پاکستان عوامی تحریک موجودہ نظام انتخاب کے خلاف عوام میں شعور بیدار کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گی اور اسکا بہترین مظاہرہ پولنگ ڈے پر دھرنوں کی صورت میں ہو گا پاکستان عوامی تحریک نے وطن عزیز کی بقا، ترقی اور عوامی خوشحالی کے دشمن نظام انتخاب کو کلیتاً مسترد کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری جنگ انتخابات کے خلاف نہیں کرپٹ انتخابی نظام کے خلاف ہے۔ شور شرابے کیلئے چندلوگوں کو نا اہل قرار دے کر الیکشن کمیشن قوم کا خیر خواہ ہونے کا ڈرامہ کر رہا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top