گوجر خان: تحریک منہاج القرآن حلقہ PP3 اور PP-4 کا مشترکہ ورکرز کنونشن

گوجرخان: تحریک منہاج القرآن اور اس کے جملہ فورمز منہاج القرآن یوتھ لیگ، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ، منہاج القرآن ویمن لیگ، پاکستان عوامی تحریک گوجرخان کے زیراہتمام ورکرز کنونشن کا انعقاد 6 اپریل بروز ہفتہ دن 3 بجے علی پلازہ گوجرخان میں کیا گیا۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے حافظ محمد رضوان نے کیا جبکہ بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں نعت پاک کا نذرانہ صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ گوجرخان حافظ غلام مجتبیٰ نے پیش کیا۔

ورکرز کنونشن میں بطور مہمانان خصوصی مرکزی ناظم اعلی تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل شیخ زاہد فیاض ،نائب ناظم پنجاب انار خان گوندل، صدر پاکستان عوامی تحریک حلقہ PP-4 چوہدری جاوید اقبال، صدر تحریک منہاج القرآن PP-4 حافظ محمد عرفان، ناظم محمد اسحق چوہدری نے کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ 11 مئی کو ملک بھر میں پرامن دھرنے دے کر اس کرپٹ نظام کا جنازہ نکال دیں گے۔ ہم نے پرامن لانگ مارچ کے ذریعے بھی پوری دُنیا کو پیغام دیا کہ ہم پرامن لوگ ہیں اسی طرح دھرنے بھی پرامن ہوں گے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے عوام میں اچھے اور برے کی تمیز کیلئے شعور بیدار کر دیاہے۔ شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ 23دسمبر سے لے کرآج تک ہمارے مؤقف میں ذرہ بھر بھی تبدیلی نہیں آئی، الیکشن کمیشن نے سیاسی دباؤ پر بیلٹ پیپر پر دیئے گئے خالی خانے کے فیصلے کو بھی واپس لے لیا ہے ، جمہوریت کی دھجیاں بکھیری جارہی ہیں ، یہاں جمہوریت صرف چند خاندانوں کی جاگیر کا نام ہے۔

انہوں نے لاہور سے اسلام آباد تک سب سے بڑا اور تاریخی استقبال کرنے پر تحریک منہاج القرآن گوجرخان اور اس کے دیگر فورمز کو بھی خصوصی طور پر مبارکباد دی۔

تقریب سے صدر تحریک منہاج القرآن گوجرخان ڈاکٹر محمد واجد مصطفوی، صدرتحریک منہاج القرآن دولتالہ حافظ محمد عرفان اورناظم میڈیا تحریک منہاج القرآن گوجرخان عبدالستار نیازی نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں منہاج القرآن کے جملہ فورمز کے عہدیداران سمیت کثیر تعداد میں رفقاء و وابستگان نے بھی بھرپور شرکت کی۔

رپورٹ : ناظم میڈیا تحریک منہاج القرآن گوجرخان عبدالستار نیازی

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top