پاکستان عوامی تحریک نے VOTE 4 NONE کی باقاعدہ مہم کا آغاز کر دیا: عمر ریاض عباسی

عوام دشمن نظام کے خلاف گھرگھر گلی گلی عوام کو دھرنے میں شرکت کی دعوت دی جائے گی: غلام مصطفی نورانی
الیکشن کمیشن نے ٹیکس چوروں،قرض نادہندگان کو کھلی چھٹی دے کر پوری قوم کیساتھ دھوکہ کیا ہے: ابرار رضا ایڈووکیٹ
روٹی، کپڑا، مکان اور غریب عوام کے نام پر سیاست کرنے والوں نے غریب عوام کے منہ سے نوالہ تک چھین لیا: اشتیاق میر ایڈووکیٹ

اسلام آباد: پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عمر ریاض عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک نے VOTE 4 NONE کی باقاعدہ مہم کا آغاز کردیا ہے۔ جس کے لئے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی جاچکی ہیں، عوامی تحریک کے کارکنان ہر یونین کونسل اور اسلام آباد کے ہر سیکٹر میں گھرگھر رابطہ مہم کے ذریعے استحصالی نظام کے خلاف عوام کا شعور بیدار کریں گے اور عوام کو الیکشن ڈے پر ہونے والے دھرنے میں شرکت کے لئے بھرپوردعوت دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں پہلی بار ہو گا کہ ایک طرف لوگ الیکشن میں ووٹ ڈال رہے ہوں گے اور دوسری جانب بڑی تعداد میں عوام اس کرپٹ نظام انتخاب کے خلاف دھرنوں میں شریک ہوکر اپنا پر امن احتجاج ریکارڈ کرا رہے ہوں گے، پاکستان عوامی تحریک نے فرسودہ نظام انتخاب کو مسترد کر کے ثابت کردیا کہ عوامی تحریک روائتی، استحصالی اور مفاد پر مبنی سیاست کاخاتمہ چاہتی ہے۔

ابرار رضا ایڈووکیٹ نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کرپٹ نظام انتخابات کاحصہ نہ بن کر کروڑوں پاکستانیوں کے جذبات کی حقیقی ترجمانی کی ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز 11مئی کے دھرنے کی تیاریوں کے سلسلے میں عوامی تحریک اسلام آباد، راولپنڈی کے مشترکہ اجلاس کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پرعوامی تحریک پنجاب کے آرگنائزر غلام مصطفی نورانی، این اے49 کے صدر اشتیاق میر ایڈووکیٹ، غضنفر کھوکھر، راجہ منیر اعجاز، تحریک منہاج القرآن ابرار رضا ایڈووکیٹ، سید بشیرحسین شاہ، جاوید اصغرججہ، عرفان طاہر، قاری منہاس، سعیدخان نیازی، نعمان کریم، ملک طاہر جاوید، میاں بابر حسین اور دیگر عہدیداران و کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر شاہد شنواری نے کہا کہ الیکشن کمیشن بے اختیار تو تھا ہی اوراب بے حس ہو چکا ہے۔ اصغرخان کیس میں ملوث قوم کے بڑے بڑے خیرخواہوں کے نام ہیں۔ الیکشن کمیشن ان کانام لینے سے بھی گریزاں ہے، الیکشن کمیشن نے ٹیکس چوروں، قرض نادہندگان کو کھلی چھٹی دے کر پوری قوم کیساتھ دھوکہ کیاہے۔

اشتیاق میرایڈووکیٹ نے کہا کہ روٹی کپڑا، مکان اور غریب عوام کے نام پر سیاست کرنے والوں نے نہ روٹی دی نہ کپڑا، نہ مکان، بلکہ غریب عوام کے منہ سے نوالہ تک چھین لیاگیا۔

راجہ منیر اعجاز نے کہا کہ مرکز اور پنجاب کے سابقہ حکمران بدترین لوڈشیڈنگ کے ذمہ دار ہیں اور یہ ساراتماشا اس نظام کی مرہون منت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام الیکشن والے دن دھرنے میں بڑی تعداد میں شریک ہوکر اس مکروہ اور عوام دشمن نظام کے خلاف اپنا فیصلہ سنا دیں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top