11 مئی کا سورج عوام کش نظام کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔ عمر ریاض عباسی

ٹیکس چور، بجلی چور، قرض ڈیفالٹرز قومی خزانے کو شیر مادر سمجھ کرلوٹتے رہے، سکروٹنی کا مذاق اڑایا گیا
عمر ریاض عباسی کا پاکستان عوامی تحریک تحصیل حضرو کے زیراہتمام عوامی ریلی سے خطاب

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عمر ریاض عباسی نے کہا ہے کہ ٹیکس چور، بجلی چور، قرض ڈیفالٹرز اور قرضے معاف کروانے والے کرپٹ عناصر قومی خزانے کو شیر مادر سمجھ کر لوٹتے رہے۔ الیکشن کمیشن نے سکروٹنی کے نام پر قوم کے ساتھ مذاق کیا اور کرپٹ عناصر کو ایک بار پھر پارلیمنٹ میں جانے کا صاف راستہ دے دیاگیا۔ انتخابی اصلاحات کے نام پر ڈرامہ کیاگیا۔ انہوں نے کہا کہ بغیر انتخابی اصلاحات کے ہونے والا الیکشن کے نتائج ملکی مفاد کے برعکس ہوں گے جس سے کسی قسم کی تبدیلی کی توقع نہیں کی جاسکتی ہے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روز عوامی تحریک تحصیل حضرو کے زیراہتمام عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر عوامی تحریک حضرو حافظ محمد نعیم سٹی، صدر عوامی تحریک ملک مقصود، صدر تحریک منہاج القرآن حضرو حاجی محمد اختر، طارق ہشتم کے علاوہ یوتھ ونگ کے کارکنان اور مختلف شعبہ فکر سے تعلق رکھنے والے عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔

عمر ریاض عباسی نے کہا کہ موجودہ نظام انتخاب چندخاندانوں کے مفادات کے تحفظ کا نظام ہے۔ ٹیکس چور لوٹ کھسوٹ کے مرتکب افراد دندناتے پھر رہے ہیں۔ اصغرخان کیس میں ملوث لوگوں کو نااہل کیا جانا چاہیے تھا لیکن سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن نے ان کرپٹ عناصر کو تحفظ فراہم کیا اور ایک بار پھر ان ہی کرپشن زدہ لوگوں کو قوم پر مسلط کرنے کی تیاری کرلی گئی ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری نے جن خرابیوں کی نشاندہی کروائی آج ملک کے دانشور اور عوام کی بڑی تعداد ڈاکٹر طاہرالقادری کے نظریات کو تسلیم کر رہی ہے کہ جو بات ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہی وقت نے ثابت کردیا کہ بغیرانتخابی اصلاحات ہونے والے 100 الیکشن بھی ملک میں تبدیلی نہیں لاسکتے۔

انہوں نے کہا کہ میں آج شرکائے ریلی اور پوری قوم کو متنبہ کرنا چاہتا ہوں کہ 11 مئی کو اس نظام کومسترد کر دیں اگرعوام نے ایک بار پھر ووٹ دیا اور یہی لوگ اسمبلیوں میں آ گئے تو آنے والی پارلیمنٹ میں ہونے والی کرپشن، لوٹ مار میں عوام بھی برابر کے شریک ہوں گے۔ میں آپ لوگوں کو خبردار کر رہا ہوں کہ اس نظام کاحصہ بننے کی بجائے اس کو مسترد کرنے کے لئے 11 مئی کے دھرنے میں شامل ہو کر اپنا پرامن احتجاج ریکارڈ کروائیں اور کرپٹ نظام کاحصہ نہ بنیں اور ڈاکٹر طاہرالقادری کے اس انقلابی پیغام کو گھر گھر، گلی گلی، نگرنگر پھیلانے کے لیے دن رات ایک کردیں ایسا نہ کیاگیا تو آنے والا وقت ہمیں کبھی معاف نہیں کریگا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top