پاکستان عوامی تحریک انتخابی اصلاحات کے بغیر ہونیوالے الیکشن ڈرامے کو مسترد کرتی ہے: سردار منصور خان

جب تک عوام اس ظالمانہ نظام کو نہیں لپیٹیں گے اس وقت تک روشنی کی کوئی کرن نہیں دکھائی دے گی۔
الیکشن والے دن پورے ملک میں عوام پر امن دھرنے دیکر انتخابی ڈرامے کو مسترد کر دیں: سردارمنصورخان

اسلام آباد: پاکستان عوامی تحریک کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل نے کہا ہے کہ 11 مئی الیکشن والے دن پورے ملک میں عوام پر امن دھرنے دیکر اس انتخابی ڈرامے کو مسترد کر دیں کیونکہ غیر آئینی اور بے ڈھنگ طریقے قائم ہونیوالی حکومت عوام کو مزید مایوسی کے سوا کچھ نہیں دے سکے گی۔ پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہد عوام کے حقیقی نمائیندوں کو اقتدار کے ایوانوں تک پہنچانا ہے تاکہ عوام اپنی قسمت کا فیصلہ خود کر سکیں۔ موجودہ انتخابی نظام کے تحت ووٹ ڈالنا چوروں، لٹیروں، ٹیکس چوروں اور کرپٹ عناصر کی مدد کرنا ہے۔

اسی لئے پاکستان عوامی تحریک انتخابی اصلاحات کے بغیر ہونیوالے الیکشن ڈرامے کو مسترد کرتی ہے۔ وہ پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام ضلعی سیکرٹریٹ اسلام آباد میں دھرنوں کی تیاریوں کے سلسلے میں عوام رابطہ مہم کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پر ابرار رضا ایڈووکیٹ، شاہد شنواری، غضنفرکھوکھر، اشتیاق میرایڈووکیٹ، راجہ منیراعجاز، انصارملک، غلام علی خان، جاویدججہ، عرفان طاہر، قاسم مرزا، سعیدخان نیازی کے علاوہ دیگر عہدیداران ، کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں بد امنی، قتل و غارت ، لوٹ مار اور لوڈ شیڈنگ ہنگامے اور خوف و ہراس کی کیفیت حقیقت میں عذاب الہی ہے۔جنوبی ایشیا میں پاکستانی عوام حکمرانوں کی نا اہلیوں کا سب سے زیادہ خمیازہ بھگت رہے ہیں اور بد قسمتی سے پاکستان کو ناکام ریاست بنایا جا رہا ہے۔ پاکستان بے تحاشا وسائل، با صلاحیت افرادی قوت اور کرشماتی نعمتوں کے باوجود بھوکا پیاسا اور اندھیروں میں ڈوبا ہوا ہے۔یہاں آج بھی بھوک کی فصل اُگی ہوئی ہے۔ نوجوان نسل اپنے مستقبل سے نا آشنا منتشر گروہ دکھائی دیتی ہے یہ سارے عذاب جو مسلط ہیں ہمارے اعمال کا نتیجہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو قومیں حرص و ہوس کا شکار ہوجائیں، جہاں غریب سے اسکے بچوں کا نوالہ تک چھین لیا جائے وہاں ایسے عذاب آیا کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا فرمان ہے کہ جس معاشرے میں یتیم کا حق مارا جائے اللہ تعالیٰ اس معاشرے سے برکت کا ہاتھ اٹھا لیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام مسائل سے بے نیاز سیاستدان طبقہ صرف اور صرف اقتدار کے حصول کیلئے کوشاں ہے۔

سردار منصور خان نے کہا کہ استحصالی، فرسودہ اور ظالمانہ انتخابی نظام نے پوری قوم کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ جب تک عوام اس ظالمانہ نظام کو نہیں لپیٹیں گے اس وقت تک روشنی کی کوئی کرن نہیں دکھائی دے گی۔آج ساری قوم کو اجتماعی توبہ کے ساتھ ساتھ ملک پر مسلط چند سیاسی خاندانوں کو ناکام کرنے کیلئے نظام کے خلاف عملی جدوجہد کرنا ہو گی اور 11 مئی کواس فرسودہ ، عوام دشمن نظام انتخاب کو دریا برد کر کے ملک میں حقیقی جمہوریت اور خوشحالی کی بنیاد رکھنا ہو گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top