انتخابی ڈرامے کے بعد پارلیمنٹ ایک بار پھر چند خاندانوں کے ہاتھوں یرغمال بن جائے گی۔ رحیق احمد عباسی

قوم کے دکھوں کا مداوا موجودہ انتخابی نظام کے تحت ہونے والے غیر آئینی الیکشنوں سے نہ ہو سکے گا
قیامت خیز لوڈ شیڈنگ نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے ۔معیشت نقصان میں ہے
قوم 11 مئی کو پاکستان عوامی تحریک کے پرامن دھرنوں میں شریک ہو کر عوام دشمن انتخابی نظام کو دریا برد کر دے
ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کا پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے خطاب

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ 11 مئی کو ہونے والے انتخابی ڈرامے کے بعد پارلیمنٹ ایک بار پھر چند خاندانوں کے ہاتھوں یرغمال بن جائے گی۔ معلق پارلیمنٹ میں عوام کے حقوق معلق ہی رہیں گے اور ایک بار پھر چوروں، لٹیروں کا کاروبار خوب چمک اٹھے گا۔ پاکستان کے مقتدر طبقہ نے کبھی آئین و قانون کی روح کے مطابق چلنا سیکھا ہی نہیں اس لئے انہیں غیر آئینی الیکشن کمیشن سمیت ہر وہ چیز قبول ہو گی جو انکے مفادات کو تحفظ دیتی ہے۔ اس موجودہ عوام دشمن انتخابی نظام کے خلاف پاکستان عوامی تحریک کے پرامن دھرنے الیکشن پر 11 مئی کو ہر صورت ہونگے۔

وہ گزشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں پاکستان عوامی تحریک کی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر خرم نواز گنڈا پور، قاضی فیض الاسلام، ساجد محمود بھٹی، جواد حامد، فیاض وڑائچ، بشارت عزیز جسپال اور دیگر بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک موجودہ نظام انتخاب کے خلاف عوام میں شعور بیدار کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گی اور ساری دنیا اس کا بہترین مظاہرہ 11 مئی کو ہونے والے پرامن دھرنوں کی صورت میں دیکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک وطن عزیز کی بقا، ترقی اور عوامی خوشحالی کے دشمن نظام کو کلیتاً مسترد کر چکی ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کی جنگ ووٹنگ کے خلاف نہیں بلکہ کرپٹ انتخابی نظام کے خلاف ہے۔

ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ اس وقت ملک میں تاریخ کی بد ترین لوڈ شیڈنگ، مہنگائی اور دہشت گردی جاری ہے۔ مہنگائی سے تنگ، دہشت گردی سے عدم تحفظ کا شکار اور توانائی کے بحرانوں میں گھری قوم کے دکھوں کا مداوا موجودہ انتخابی نظام کے تحت ہونے والے غیر آئینی الیکشنوں سے نہ ہو سکے گا۔ ان بحرانوں سے نجات کیلئے نظام انتخاب کی تبدیلی کے ساتھ کڑا احتساب کر کے اچھے لوگوں کو آگے لانا ہو گا تا کہ ملک کی باگ ڈور ایسے لوگوں کے ہاتھ میں آئے جو ملک میں امن وامان، روزگار اور معاشی ترقی کی راہ ہموار کر سکیں، جو ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر ملکی مفادات کیلئے کام کریں۔ قیامت خیز لوڈ شیڈنگ نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے۔ معیشت نقصان میں ہے، سماجی مسائل خوفناک صورتحال اختیار کر چکے ہیں اس کے باوجود ہماے نام نہاد سیاستدان ٹس سے مس نہیں ہو رہے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی مسائل کی جڑ موجودہ فرسودہ نظام انتخاب ہے جس کے ذریعے کروڑوں، اربوں روپے خرچ کر کے آنے والے حکمرانوں کو عوامی مسائل کی کیا پرواہ۔ دہشت گردی، لو ڈ شیڈنگ اور مہنگائی چاہے جتنی بڑھ جائے اس فرسودہ نظام انتخاب کے ذریعے اقتدار میں آنے والوں کو ملکی مسائل کی کیا دلچسپی۔

انہوں نے کہا کہ ساری قوم 11 مئی کو پاکستان عوامی تحریک کے پرامن دھرنوں میں شریک ہو کر اس عوام دشمن نظام کو دریا برد کر دے۔ ملکی خوشحالی اور حقیقی جمہوریت کی بحالی کیلئے ساری قوم کو متحد ہو کر اس استحصالی انتخابی نظام کے خاتمے کیلئے جدوجہد کرنا ہو گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top