پاکستان عوامی تحریک لاہور کرپٹ انتخابی نظام کے خلاف کل احتجاجی ریلی نکالے گی
ریلی لاہور ریلوے سٹیشن سے لکشمی چوک تک جائیگی
شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری پرامن احتجاجی ریلی سے ٹیلیفونک خطاب کرینگے
پاکستان عوامی تحریک لاہور کے تحت کل(ہفتہ) لاہور ریلوے سٹیشن تا لکشمی چوک کرپٹ انتخابی نظام، جھوٹی جمہوریت، جعلی سکروٹنی اور مک مکا الیکشن کمیشن کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی جائے گی۔ پرامن ریلی کی قیادت پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کرینگے جبکہ پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر چوہدری افضل گجر، تحریک منہاج القرآن لاہور کے امیر ارشاد احمد طاہر، حفیظ اللہ جاوید، پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ کی ناظمہ ارشاد اقبال بھی ریلی میں شرکت کریں گے۔
پاکستان عوامی تحریک لاہور کے امیر ارشاد احمد طاہر نے ریلی کے انتظامات کیلئے تشکیل دی جانے والی کمیٹیوں کے اجلاس میں سربراہان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری پرامن احتجاجی ریلی سے ٹیلیفونک خطاب کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک موجودہ نظام انتخاب کے خلاف عوام میں شعور بیدار کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گی اور ساری دنیا اس کا مثالی اور بہترین مظاہرہ 11 مئی کو ہونے والے پرامن دھرنوں کی صورت میں دیکھے گی۔ پاکستان عوامی تحریک وطن عزیز کی بقا، ترقی اور عوامی خوشحالی کے دشمن نظام کو کلیتاً مسترد کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاجی ریلی کرپٹ نظام انتخاب غیر آئینی الیکشن کمیشن اور دھاندلی کو تحفظ دینے کے مکروہ رویے کے خلاف ہو گی جس میں بڑے بڑے ادارے بھی ملوث ہیں۔
انہوں نے کہا کہ توانائی کے بحرانوں میں گھری قوم کے دکھوں کا مداوا موجودہ انتخابی نظام کے تحت ہونے والے غیر آئینی الیکشنوں سے نہ ہو سکے گا۔
تبصرہ