مستقبل کے خوشحال اور مستحکم پاکستان کے قیام میں پاکستان عوامی تحریک کا مرکزی کردار ہو گا، ڈاکٹر طاہرالقادری

11مئی کے الیکشن سیاسی عیاشیوں کو تحفظ دینے کی سازش ہو گی
جعلی ڈگریوں کو حقیقی ڈگریاں قرار دیکر HEC کے منہ پر طمانچہ مارا گیا ہے
ملک جمہوری آمریت کی گرفت میں ہے، زبانیں، قلم اور ضمیر خریدنے کی سازش ہو رہی ہے
کرپٹ نظام سے لڑنا ہو گا، 11مئی کو دھرنا ہو گا کا نعرہ زبان زد عام ہو چکا
لاہور ریلوے سٹیشن تا لکشمی چوک پاکستان عوامی تحریک لاہور کی ریلی سے ڈاکٹر طاہر القادری کا ٹیلی فونک خطاب

پاکستان عوامی تحریک لاہور کی انتخابی نظام کے خلاف کامیاب ترین ریلی نے یہ بات عیاں کر دی ہے کہ 11 مئی کو الیکشن کے ساتھ ساتھ کرپٹ انتخابی نظام کے خلاف دھرنوں میں بھی عوام بڑی تعداد میں شرکت کریں گے اور دنیا کو جعلی جمہوریت کے خلاف نفرت بھرا پیغام جائے گا۔ لاہور ریلوے سٹیشن سے انتہائی منظم انداز میں شروع ہونے والی ریلی میں ہزاروں افراد پرجوش انداز میں شریک تھے۔ خواتین اور بچوں نے بھی قومی پرچم اٹھا رکھے تھے۔ ریلی کے دوران نظام انتخاب کے خلاف ترانے وقفے وقفے سے چلتے رہے۔ لکشمی چوک پہنچنے تک ریلی کا آخری سرا لاہور ہوٹل کے قریب تھا۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ الیکشن میں جانے والی کوئی جماعت بھی ان دنوں اتنی بڑی ریلی نہیں نکال سکی۔

پاکستان عوامی تحریک کے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے لندن سے ریلی میں شریک ہزاروں افراد سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل کے خوشحال اور مستحکم پاکستان کے قیام میں پاکستان عوامی تحریک کا مرکزی کردار ہو گا اور بد دیانت سیاستدانوں کا بھیانک انجام دنیا دیکھے گی۔ افسوس ٹیکس چوروں، قرضہ خوروں اور جعلی ڈگری والوں کو 62، 63 کی گنگا میں نہلا کر صادق و امین ہونے کا ٹائٹل دے دیا گیا ہے۔ وقت آنے والا ہے جب اس سارے نظام کا بستر گول کر دیا جائے گا۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ آج ادارے مل کر بدی اور شر کو تحفظ دے رہے ہیں۔ موجودہ کرپٹ نظام کے تحت ووٹ دینا بڑا گناہ ہو گا۔ 11 مئی کے بعد کی اسمبلیاں پائیدار حکومت تشکیل نہ دے سکیں گی۔ 11 مئی کے الیکشن سیاسی عیاشیوں کو تحفظ دینے کی سازش ہو گی۔ جعلی ڈگریوں کو حقیقی ڈگریاں قرار دیکر HEC کے منہ پر طمانچہ مارا گیا ہے اب ہائر ایجوکیشن کمیشن کو تالا لگا دینا چاہیے۔ ملک جمہوری آمریت کی گرفت میں ہے، زبانیں، قلم اور ضمیر خریدنے کی سازش ہو رہی ہے۔ میڈیا پر تسلسل سے اتنا جھوٹ بلوایا جا رہا ہے کہ آخر کار عوام اسی کو سچ سمجھنے پر مجبور بنا دئیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کسی ایک فرد کو ووٹ ڈالنے سے نہیں روکا جائیگا مگر ہر شہر میں ہزاروں، لاکھوں افراد کرپٹ انتخابی پراسیس کے خلاف دھرنوں میں شرکت کریں گے۔

پاکستان عوامی تحریک کے صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کی ریلی تو ٹریلر ہے 11 مئی کو کامیاب دھرنے موجودہ نظام انتخاب کے خاتمے کی بنیاد ثابت ہوں گے۔ ہم انتخابات کے نہیں نظام انتخاب کے خلاف ہیں۔ 11 مئی کو پولنگ سٹیشن ویران ہو سکتے ہیں کیونکہ عوام پاکستان عوامی تحریک کے موقف کو حق سمجھ کر دھرنوں میں شرکت کا وعدہ کر رہے ہیں۔ کرپٹ نظام سے لڑنا ہو گا، 11مئی کو دھرنا ہو گا کا نعرہ زبان زد عام ہو چکا اس لئے اب الیکشن وہی درست ہوں گے جس پر پاکستان عوامی تحریک مہر ثبت کرے گی۔ موجودہ کرپٹ نظام کو بچانے کیلئے عدلیہ، الیکشن کمیشن اور کرپٹ مافیا ایک ہو چکے ہیں مگر عوام اس سازش کو ناکام بنا کر دم لیں گے۔

ریلی سے لاہور کے امیر محمد ارشاد طاہر، چودھری افضل گجر، حفیظ اللہ جاوید اور دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top