فیصل آباد: تحریک منہاج القرآن و پاکستان عوامی تحریک کا عوامی فیسٹیول و نظام بدلو سیمینار

تحریک منہاج القرآن و پاکستان عوامی تحریک صوبائی حلقہ 68 کے زیراہتمام نظام بدلو سیمینار و عوامی فیسٹیول 18 اپریل 2013 بروز جمعرات سنہری ٹاؤن پارک پیپلز کالونی فیصل آباد میں منعقد ہوا جس کی صدارت محمد ارشد مغل صدر PAT صوبائی حلقہ 68 نے کی۔

تقریب میں صوبائی صدر PAT بشارت جسپال، ضلعی ناظم تحریک منہاج القرآن انجینئر محمد رفیق نجم، ضلعی صدر پاکستان عوامی تحریک رانا طاہر سلیم، جنرل سیکرٹری میاں عبدالقادر، رانا نثار احمد شہزاد، منظور حسین سندھو، زاھد اقبال، فیاض القادری، محبوب حسین، میاں کاشف محمود، رانا غضنفر علی، پروفیسر غلام مرتضی، ضلعی سیکرٹری اطلاعات غلام محمد قادری، نائب امیر علماء کونسل علامہ اختر حسین، ناظمہ ویمن لیگ فرحت دلبر قادری اور صوبائی حلقہ سے تمام فورمز کے یونین کونسلز تک کے عہدیداران و کارکنان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ سیمینار کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت شریف سے کیاگیا۔

ضلعی ناظم انجینئر محمد رفیق نجم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مصطفوی انقلاب دجالی اور کرپٹ نظام کا حصہ بننے سے نہیں بلکہ اس سے ٹکرانے سے آئے گا۔ انتخابی اصلاحات کے بغیر ہونے والے الیکشن قوم و ملک اور حقیقی جمہوریت کے خلاف گہری سازش ہونگے۔ ایسے غیر آئینی الیکشن کے نتیجے میں کوئی مستحکم حکومت نہ بن سکے گی بلکہ Hung پارلیمنٹ وجود میں آئے گی۔ جس کے نتیجے میں قوم کو پھر اتنا بڑا تماشا دیکھنا پڑے گا۔ قوم پچھلی حکومت کے پانچ سال بھول جائیں گے۔

صدر پاکستان عوامی تحریک رانا طاہر سلیم نے کہا کہ موجودہ کرپٹ نظام کے تحت ووٹ ڈالنا جرم ہے۔ اس جرم میں شامل ہونے کی بجائے عوام کو شعور و آگہی کی چھتری تلے پاکستان عوامی تحریک کے دھرنے میں شریک ہو کر پوری دنیا کو جمہوری شعور کا ثبوت دینا ہوگا۔

تقریب میں 23 دسمبر عوامی استقبال، 14 جنوری لانگ مارچ و فیصل آباد کے عوامی جلسے کو کامیاب بنانے پر کارکنان و عہدیداران میں شیلڈز تقسیم کی گئیں۔ پروگرام میں عوام الناس کی دلچسپی کے لئے منہاج کوئز کا اہتمام بھی کیا گیا جس کے تحت شرکاء میں انعامات تقسیم کیے گئے۔

آخر میں صوبائی حلقہ 68 کے صدر محمد ارشد مغل نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور حضور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی درازئ عمر کے لیے دعا کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top