11 مئی کے الیکشن کے نام پر فراڈ ہونے جا رہا ہے۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی

الیکشن ڈرامے کے تحت بننے والی پارلیمنٹ ایک فی صد بھی نظام کو بدل نہیں سکے گی
غیر آئینی الیکشن کے نتیجے میں کوئی بھی مستحکم حکومت نہ بن سکے گی

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے پوری قوم کو الیکشن سے قبل آگاہ کر دیا ہے کہ 11 مئی کے الیکشن کے نام پر فراڈ ہونے جا رہا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک نے اپنی ذمہ داری کو پورا کر دیا ہے۔ الیکشن کے نتائج ہمارے ویثرن کی تصدیق کر دیں گے۔ غیرآئینی الیکشن کمیشن نے قرض معاف کرانے والوں، ٹیکس چوروں اور لٹیروں کیلئے چور دروازے کھول دئیے ہیں۔ قوم یاد رکھے کہ اس الیکشن ڈرامے کے تحت بننے والی پارلیمنٹ ایک فی صد بھی نظام کو بدل نہیں سکے گی۔ پاکستان عوامی تحریک ایسی صاف ستھری سیاست کی قائل ہے جو ریاست کو بچا کر اس کے استحکام اور عوام کو انکے بنیادی حقوق دینے کی ضمانت فراہم کرے۔ پاکستان کو ٹوٹنے سے بچانا اور اگلی نسلوں کو روشن اور خوشحال مستقبل دینا پاکستان عوامی تحریک کی منزل ہے۔ روایتی سیاست اور ہماری سوچ میں فرق ہے۔ اس لئے استحصالی اور کرپٹ سیاسی نظام کے خلاف 11 مئی کو پورے ملک میں پر امن احتجاجی دھرنے دئیے جائیں گے۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ میں پاکستان عوامی تحریک کی سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر خرم نواز گنڈا پور، جواد حامد، ساجد بھٹی، بشارت عزیز جسپال اور فیاض وڑائچ بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ تصادم اورا نارکی نہیں چاہتے اس لئے لاکھوں کارکن اور ساری قوم 11 مئی کو پولنگ سٹیشنوں سے دور رہ کر اور امن و امان برقرار رکھتے ہوئے اس عوام دشمن نظام کو مسترد کریں گے۔ دھرنے پاکستان کے تمام شہروں میں دئیے جائیں گے۔ دھرنے کے شرکاء کسی کو ووٹ ڈالنے سے نہیں روکیں گے بلکہ صرف اس کرپٹ نظام انتخاب کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے اور قوم کو یہ بتائیں گے کہ انتخابی اصلاحات کے بغیر ہونے والے انتخابات قوم سے مذاق اور فراڈ ہونگے۔ ایسے غیر آئینی الیکشن کے نتیجے میں کوئی بھی مستحکم حکومت نہ بن سکے گی۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ پورے ملک میں پاکستان عوامی تحریک کے تحت اس انتخابی نظام کے خلاف ہونے والی پر امن اور فقید المثال عوامی احتجاجی ریلیوں نے ثابت کر دیا ہے کہ ہماری جدوجہد عوام کے ایجنڈے اور حقوق کیلئے ہے۔ اگر آج قوم نے اس نظام کو مسترد کر دیا تو یہی جدوجہد مستقبل میں حقیقی جمہوریت اور ملک میں خوشحالی کا باعث ہو گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top