توانائی کے بدترین بحران نے پوری قوم کا جینا حرام کر دیا ہے۔ بابر علی چوہدری

نااہل حکمرانوں کی 5 سالہ حکومتی کارکردگی کا سب سے بڑا تحفہ لوڈ شیڈنگ ہے
توانائی کے بد ترین بحران نے صنعتی،تجارتی او ر معاشی سرگرمیوں کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے
بجلی کے اس بد ترین بحران پر فوری قابو نہ پایا گیا تو عوامی احتجاج کا دائرہ کار وسیع ہوتا چلا جائیگا
بابر علی چوہدری کا پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کے تحت طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے
خطاب

پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کے مرکزی صدر بابر علی چوہدری نے کہا ہے کہ توانائی کے بدترین بحران نے پوری قوم کا جینا حرام کر دیا ہے۔ ملک میں افراتفری کا ماحول ہے۔ پورے ملک کو اندھیروں میں دھکیل دیا گیا ہے۔ نوجوانوں کو اپنا مستقبل تاریک نظر آ رہا ہے۔ دہشت گردی، بے روزگاری، مہنگائی اور عدم تحفظ کے شدید احساس نے تو پہلے ہی عوام کی زندگی اجیرن کر رکھی تھی مگر اس گرم موسم میں حالیہ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے تو پاکستانیوں سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔ بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں جاری حالیہ ظالمانہ اضافہ عوام پر عذاب نازل کرنے کے مترادف ہے۔ نااہل حکمرانوں کی 5 سالہ حکومتی کارکردگی کا سب سے بڑا تحفہ لوڈ شیڈنگ ہے۔

وہ پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کے تحت اکبر چوک ٹاؤن شپ میں بجلی کے بحران اور طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کررہے تھے۔ پرامن احتجاجی مظاہرے میں سینکڑوں نوجوان شریک تھے۔ نوجوانوں نے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیں اور بجلی کے بحران کے خلاف بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین موجودہ نظام انتخاب اور لوڈ شیڈنگ کے خلاف نعرے بازی کر رہے تھے۔ بعض نوجوانوں نے قمیضیں اتار کو سینہ کوبی بھی کی۔ مظاہریں کے ہاتھوں میں موجود کتبوں پر لکھا تھا ملک کو اندھیروں میں مت دھکیلو، لوڈ شیڈنگ سے فور ی نجا ت دلائی جائے، بحرانوں کا ذمہ دار موجودہ کرپٹ نظام انتخاب، بجلی کے بحران پر قابو نہ پایا گیا تو ملک گیر احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف دیگر نعرے درج تھے۔ مظاہرے میں پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کے مرکزی، صوبائی اور ضلعی قائدین کے علاوہ سینکڑوں نوجوان بھی شریک تھے۔

مرکزی صدر بابر چوہدری نے کہا کہ توانائی کے اس بدترین بحران نے صنعتی، تجارتی او ر معاشی سرگرمیوں کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے۔ اگر ترجیحی بنیادوں پر بجلی کی پیداوار بڑھانے کیلئے موثر اقدامات نہ کیے گئے تو آخری سانسیں لیتی صنعت و تجارت اور معیشت مکمل طور پرتباہ ہو جائیگی۔ اگر بجلی کے اس بدترین بحران پر فوری قابو نہ پایا گیا تو عوامی احتجاج کا دائرہ کار وسیع ہوتا چلا جائیگا۔ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے لوگوں کا جینا محال کر دیا ہے۔ معصوم شہری سسک سسک کر زندگی گزار رہے ہیں۔ مزدوروں کا معاشی قتل عام ہو رہا ہے۔ گھنٹوں بجلی غائب رہنے کی وجہ سے شہری پینے کے پانی سے بھی محروم ہو چکے ہیں۔ بجلی کے بحران نے لوگوں کو نفسیاتی مریض بنا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سارے مسائل کی جڑ موجودہ فرسودہ نظام انتخاب ہے جس کے ذریعے کروڑوں،اربوں روپے خرچ کر کے آنے والے حکمرانوں کو عوام کے مسائل کی کیا پرواہ۔ لوڈ شیڈنگ اور مہنگائی چاہے جتنی بڑھے اس نظام کے ذریعے اقتدار میں آنے والوں کو اس کا کوئی غم اور افسوس نہیں ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو مقتدر طبقات سے توقع وابستہ کرنے کی بجائے اپنے خوابوں کی تعبیر کیلئے خود اقتدار و اختیار کا مالک بننا ہو گا اور موجودہ نظام انتخاب کا مکمل بائیکاٹ کرنا ہو گا۔بصورت دیگر یہی اندھیرا،یہی مچھر انہیں سونے دیں گے نا جینے دیں گے اور نہ ہی آگے بڑھنے دیں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top