موجودہ کرپٹ نظام انتخاب غریبوں کے حقوق کا سب سے بڑا دشمن ہے۔ ڈاکٹر رحیق عباسی

مورخہ: 02 مئی 2013ء

عوام 11 مئی کو ہونے والے دھرنوں میں بڑی تعداد میں شرکت کر کے ملک میں رائج کرپٹ نظام انتخاب کو مسترد کر دیں گے

موجودہ نظام انتخاب غریبوں کے حقوق کا سب سے بڑا دشمن ہے یہی ظالمانہ، کرپٹ انتخابی نظام جاگیرداروں، سرمایہ داروں اور وڈیروں کو پارلیمنٹ میں لا بٹھاتا ہے جو مزدور کا استحصال کرتے ہیں۔ اسلام سے قبل جبری مشقت لی جاتی تھی جسے غلامی کا نام دیا جاتا تھا۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے غلاموں کو آزادی دلوائی۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ مزدور اللہ تعالی کا دوست ہے۔ حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ سربراہ مملکت کے اعزازیہ کے برابر مزدور کی مزدوری ہونا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی نے ضلعی سیکرٹریٹ اسلام آباد میں پاکستان عوامی تحریک کے تحت ہونے والے دھرنے کی تیاریوں کے سلسلے میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان عوامی تحریک کی تمام تر سرگرمیاں غریبوں اور مزدورں کے حقوق کے لیے ہیں۔ جب تک غریب اور مزدور کے حالات نہ بدلیں تو اس وقت تک پاکستان کے حالات میں بہتری نہیں آسکتی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک بہت سے بحرانوں کا شکار ہے۔ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے اقتدار مزدورں کے ہاتھ میں دیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ پارلیمنٹ تب مضبوط ہو سکتی ہے جب وہ غریبوں اور مزدور کے حقوق کی بات کرے۔ نجات دہندہ اس وقت انقلابی سفر کا آغاز کرتا ہے جب تک قوم اس کا دست وبازو بن جائے۔ جب قوم کا مسیحا آجائے تو قوم اس کا ساتھ نہ دے تو اس پر عذاب مسلط ہو جاتا ہے۔ قوموں کی نمائندگی مزدور طبقہ ہی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے ہمیشہ غریبوں اور مزدورں کے حقوق کی بات کی ہے۔ ڈاکٹر طاہرا لقادری ہی ملک وقوم کو بحرانوں سے نکال سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک ملک کے غریب اور متوشط طبقے کی جنگ میں مصروف عمل ہے۔ ملک کے لٹیروں، وڈیروں سے عام آدمی کو آزادی دلانا ہوگی۔ پاکستان عوامی تحریک نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مزدور کی تنخواہ ایک تولہ سونے کی قیمت کے برابر کی جائے۔ بجلی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کا فیصلہ فوری طور پر واپس لیا جائے۔ مزدورں کو سستی رہائش مالکانہ حقوق پر مہیا کی جائیں۔ استحصالی سرمایہ داریت کا نام و نشان تک نہ ہو اور تمام ملوں اور فیکٹریوں کے منافع میں مزدور پچاس فی صد تک حصہ دار ہوں تا کہ ملک و قوم کیلئے اپنا خون پسینہ ایک کر دینے والے غریب محنت کش بھی ترقی کے حقیقی ثمرات سے مستفید ہوں۔

انہوں نے کہاکہ اس وقت مزدورں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ غربت کی وجہ سے والدین اپنے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ نہیں کرسکتے۔ اس لیے مزدورں کی تنخواہوں میں اضافہ کیاجائے اور ان کے حقوق پورے کیے جائیں۔ ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا کہ عوام 11مئی کوہونے والے دھرنوں میں بڑی تعداد میں شرکت کر کے ملک میں رائج کرپٹ نظام انتخاب کو مستردکردیں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top