11 مئی کو قوم 65 سالوں سے ملک پر مسلط خاندانوں کو اقتدار کے ایوانوں میں گھسنے کی اجازت نہ دیں: راضیہ نوید

مورخہ: 06 مئی 2013ء

حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کے باعث آج ہمارا ملک ترقی کی بجائے تنزلی میں چلا گیا ہے۔
ہوشرباء مہنگائی، قیامت خیز لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔
خواتین 11 مئی پولنگ ڈے والے دن پاکستان عوامی تحریک کے پر امن دھرنوں میں شرکت کریں: راضیہ نوید

اسلام آباد: پاکستان عوامی تحریک شعبہ خواتین اسلام آباد کی رہنما راضیہ نوید نے کہا ہے کہ اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، غربت و افلاس، بیروزگاری اور بالخصوص دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات، اغواء برائے تاوان اور خواتین و بچوں کی بے حرمتی کے واقعات میں اضافہ وہ مسائل ہیں جنہوں نے عوام میں جان و مال کے عدم تحفظ میں خوفناک حد تک اضافہ کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک واضح حقیقت ہے کہ خواتین سے مشاورت کیے بغیر معاشی ترقی کا خواب شرمندہءِ تعبیر نہیں ہوسکتا لہذا ہمارا مطالبہ ہے کہ پالیسیاں بناتے وقت خواتین کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے کیونکہ اس کے بغیر خواتین کی بہبود اور ترقی کی حامل پالیسیاں تشکیل دینا مشکل ہی نہیں ناممکن ہیں، پاکستان کی آبادی کانصف سے زائد حصہ خواتین پر مشتمل ہے۔

خواتین ملک کی معاشی ترقی میں انتہائی اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔ مگر اس کیلئے ضروری ہے کہ خواتین بالخصوص ملازمت یا کاروباری شعبہ سے وابستہ خواتین کیلئے بہترین اور موزوں پالیسیاں تشکیل دی جائیں۔ ہوشربا مہنگائی، لوڈ شیڈنگ، بجلی اور دہشت گردی نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ یہ سارے عذاب جو ہم پر مسلط ہیں پچھلے 65 سال سے ہمارے نااہل حکمرانوں کے اعمال کا نتیجہ ہیں۔

ان تمام مسائل سے بے نیاز سیاستدان طبقہ اپنی عیاشیوں اور الیکشن کی تیاریوں میں مست ہے۔ 11 مئی کو ساری قوم عشروں سے ملک پر مسلط چند سیاسی خاندانوں کو اقتدار کے ایوانوں میں گھسنے کی اجازت نہ دیں۔ اس کا بہترین طریقہ 11 مئی پولنگ ڈے والے دن پاکستان عوامی تحریک کے پر امن دھرنوں میں شرکت کرنا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز عوامی رابطہ مہم کے دوران خواتین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے یہ بھی کہا کہ خواتین کو تعلیم کی سہولتیں ان کی رہائش کے نزدیک میسر ہونی چاہیے تاکہ وہ آسانی سے تعلیم کے حصول کی طرف راغب ہوں اور ملکی تعمیر و ترقی میں معاون و مددگار ثابت ہوں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر لوڈ شیڈنگ پر قابو پائے، لوڈ شیڈنگ کے باوجود غریب شہریوں کو ہزاروں کے بل قوم کو مایوس کرنے کی سازش ہے۔ لوڈ شیڈنگ نے ملک کو جنگل اور صحرا میں تبدیل کر دیا ہے، خصوصاً بچوں کے امتحانات کے دوران بجلی نہ ہونے کے باعث سخت مشکلات کاسامنا کرنا پڑتاہے، حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کے باعث آج ہمارا ملک ترقی کی بجائے تنزلی کی جانب رواں دواں ہے۔ مہنگائی، قیمتوں میں اضافہ اور لوڈ شیڈنگ کے دور میں کوئی عوام کا پرسان حال نہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top