الیکشن جمہوریت اور ووٹ کے نام پر ہونے والا سب سے بڑا فراڈ ہے۔ سردار منصور خان

مورخہ: 10 مئی 2013ء

آج کرپٹ نظام کو ووٹ ڈالے جائیں گے اور 12 مئی سے بدترین ہارس ٹریڈنگ کا آغاز ہو جائے گا
عوام آج کے دن کو تاریخ کاحصہ بنادیں اور دھرنوں میں شرکت کر کے کرپٹ نظام انتخاب کو مسترد کر دیں
ایک حلقہ میں 10 سے 15 لاکھ روپے کے انتخابی اخراجات کی پابندی کو ہوا میں اڑا دیا گیا
الیکشن کمیشن آف پاکستان قوم کا مجرم ادارہ ہے

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سردار منصور خان نے کہاہے کہ آج ہونیوالا الیکشن جمہوریت اور ووٹ کے نام پر ہونے والا سب سے بڑا فراڈہے۔ غیر آئینی، غیرقانونی اور غیر اخلاقی الیکشن کمیشن نے جعلی اسمبلی بنانے کے تمام لوازمات مرحلہ وار مکمل کر لئے ہیں۔ آج کے دن کرپٹ نظام کو ووٹ ڈالے جائیں گے اور 12 مئی سے بدترین ہارس ٹریڈنگ کا آغاز ہو جائے گا۔

وہ گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد، راولپنڈی کے عہدیداران اور انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان کے اجلاس میں گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایک ممبر کروڑوں روپے میں خریدا جائے گا اور سیاسی خرید و فروخت کا وہ تماشا لگے گا کہ پوری قوم کی آنکھیں کھل جائیں گی۔ عوام سے اپیل ہے کہ آج کے دن کو تاریخ کاحصہ بنادیں اور کرپٹ نظام انتخاب کو مسترد کر دیں اور ووٹ ڈالنے کی بجائے پاکستان عوامی تحریک کے دھرنوں میں ہر شہر میں لاکھوں کی تعداد میں شرکت کریں۔ دھرنے ملک میں حقیقی جمہوریت کی بنیاد ثابت ہوں گے۔ سیاسی جماعتوں نے اربوں روپے کی میڈیا کمپین کے ذریعے ایک حلقہ میں 10 سے 15 لاکھ روپے کے انتخابی اخراجات کی پابندی کو ہوا میں اڑا دیا ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان قوم کا مجرم ادارہ ہے جس نے کرپٹ انتخابی نظام کو تحفظ دے کر ملک و قوم کے مستقبل کو تباہی کی طرف دھکیل دیا ہے۔ 11 مئی کے الیکشن کے بعد ملک میں دہشت گردی اور معاشی بدحالی میں اضافہ ہو گا۔ مہنگائی کا عفریت عوام کو مزید نگلے گا، عوام بنیادی ضروریات کو ترسیں گے، لوڈ شیڈنگ کی اذیت مزید بڑھے گی۔ تبدیلی کا نعرہ لگانے والے قوم کو مایوس کریں گے کرپٹ نظام انتخاب کے ذریعے 100 الیکشن بھی تبدیلی نہ لا سکیں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top