مہنگائی، غربت اور لوڈشیڈنگ عوام پر عذاب بن کر مسلط ہیں۔ خرم نواز گنڈاپور

مورخہ: 30 مئی 2013ء

موجودہ استحصالی نظام انتخاب نے غربت کی بجائے غریب کا خاتمہ کر دیا ہے
عوام کو حقوق کا شعور دلانا شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا مشن ہے

پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ مہنگائی، غربت اور لوڈشیڈنگ عوام پر عذاب بن کر مسلط ہیں۔ پچھلے 65 سالوں سے کسی بھی حکومت کی طرف سے غربت کے خاتمہ کے لئے کوئی ٹھوس منصوبہ بندی سامنے نہیں آئی۔ غربت کی بجائے غریب ختم کرنے کی عوام کش پالیسوں پر عمل ہوتا رہا۔ حکمرانوں نے اپنے شاہانہ اخراجات پورے کئے اور عوام کو کوئی ریلیف نہ دیا تعلیم کے فروغ کیلئے کوئی عملی اقدامات نہ اٹھائے گئے۔ جبکہ ملک میں تعلیمی ایمر جنسی نافذ کرنے کی ضرورت ہے۔

وہ گزشتہ روز میڈیا سیل اسلام آباد میں پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد کی مشاورتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر فاروق بٹ، غضنفر کھوکھر، انصار ملک، اشتیاق میر ایڈووکیٹ، راجہ منیراعجاز، شاہد شنواری، غلام علی خان اور دیگر بھی موجودہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ مزدور کی تنخواہ میں مزید اضافہ ہونا چاہئے ان کو طبی اور فنی سہولتیں بھی ملنا چاہئے لیکن یہ خواب اس وقت شرمندہ تعبیر ہو نگے جب ملک میں حقیقی جمہوریت اور خوشحالی آئیگی اور یہ تب ممکن ہو گا جب ظالمانہ عوام دشمن نظام انتخاب تبدیل ہو گا۔

خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ موجودہ استحصالی نظام انتخاب نے غربت کی بجائے غریب کا خاتمہ کر دیا ہے۔ انہوں نے لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کرنے والوں پر تشدد کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک و قوم کو ایسے نظام کی ضرورت ہے جس میں لوگوں کو ضروریات زندگی کی بنیادی سہولتیں میسر ہوں۔ قوم کو تحفظ حاصل ہو اور عوام کی فلاح وبہود ہو تا کہ انسانی اقدار پروان چڑھیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک اس استحصالی نظام کے خاتمے کے لئے کوشش کر رہی ہے جس سے انسانیت کی تذلیل ہو رہی ہے۔ عوام کو حقوق کا شعور دلانا شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر کا مشن ہے اس لئے ہم ملک کے پسے ہوئے طبقے میں تعلیم حاصل کرنے کا جذبہ بیدار کر رہے ہیں۔ جہالت کے خاتمے کے بغیرملک میں کسی مثبت تبدیلی کی توقع نہیں کی جاسکتی۔

انہوں نے کہا کہ 11 مئی کواس پریشان حال اور عدم تحفظ کا شکار قوم کے ساتھ ایک بار پھر بہت بڑا دھوکا اور فراڈ ہوا ہے۔ انتخابی اصلاحات کے بغیر اور غیر آئینی الیکشن کے نتیجے میں وہی 2 فیصد لوگ پارٹیاں بدل کر اقتدار میں آگئے ہیں۔ جو پچھلے کئی عشروں سے اس ملک کی سیاست پر قابض ہیں۔ دہشت گردی، منہگائی اور توانائی کے بدترین بحرانوں میں گھری قوم کے دکھوں کا مداوا موجودہ انتخابی نظام کے تحت ہونے والے غیر آئینی الیکشن سے وجود میں آنے والی پارلیمنٹ سے نہ ہو گا۔ عوام کو پاکستان عوامی تحریک کے تبدیلی نظام کے یک نکاتی ایجنڈے پر متفق ہو کر اس فرسودہ نظام انتخاب کو دریا برد کر کے حقیقی تبدیلی کی جدوجہد کا آغاز کر کے صیح معنوں میں نئے اور خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھنا ہو گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top