کرپٹ نظام کے چکر سے نکلنے کیلئے عوام کو پاکستان عوامی تحریک کا ساتھ دینا ہو گا۔ ڈاکٹر رحیق عباسی

مورخہ: 31 مئی 2013ء

انتخابات کو شفاف کہنا کسی طور پر درست نہیں کیونکہ 11 مئی کو الیکشن کم اور سلیکشن زیادہ ہوئی
عوام دشمن نظام انتخاب جھوٹ اور کرپشن کی داستان ہے

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا ہے کہ انتخابات کو شفاف کہنا کسی طور پر درست نہیں کیونکہ 11 مئی کو الیکشن کم اور سلیکشن زیادہ ہوئی۔ یہ نظام انتخاب جھوٹ اور کرپشن کی داستان ہے۔ اس نظام نے سب جماعتوں کو حصہ دے کر ملک کو حقیقی اپوزیشن سے محروم کر دیا۔ اب کوئی بھی اس نظام کے خلاف اور عوام کے حقوق کی آواز بلند نہ کرے گا اور کرپٹ نظام اگلے الیکشن تک عوام کو جکڑے رکھے گا۔ کرپٹ نظام کے چکر سے نکلنے کیلئے عوام کو اس نظام کو مسترد کر کے پاکستان عوامی تحریک کا ساتھ دینا ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک کے عہدیداران سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرابرار رضا ایڈووکیٹ، فاروق بٹ، غضنفر کھوکھر، اشتیاق میر ایڈووکیٹ، راجہ منیراعجاز، انچارج میڈیا سیل مصطفی حسین خان، غلام علی خان بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری امت کیلئے جو درد رکھتے ہیں وہ ہر سینے میں منتقل کرنا ہو گا تا کہ پاکستانیوں کی خوشحالی اور عزت و وقار انہیں واپس مل سکے۔ معاشی غلامی کی زنجیروں کو توڑنے کیلئے جذبہ حب الوطنی کو بیدار کر کے استقامت سے عوام کو اقتدار منتقل کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری نے قوم کو لاحق مرض کی تشخیص الیکشن سے پہلے کر کے حق اور سچ کی راہ پر گامزن کیا۔ الیکشن ڈرامہ کے دوران پاکستان عوامی تحریک کی سیاسی جدوجہد نے کرپٹ نظام کے محافظوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی، کرپشن، بے روزگاری اور لوڈ شیڈنگ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس سے عوام بے حال ہو چکے ہیں لیکن اقتدار کی بندر بانٹ میں مگن سیاستدانوں کو قوم کی حالت زار پر رحم نہیں آ رہا۔ عوام اس کرپٹ نظام سے ا میدیں لگانے کی بجائے پاکستان عوامی تحریک کی کرپٹ نظام کے خلاف ہونیوالی جدوجہد میں شامل ہو ں تبھی ان کے دکھوں کا مداوا ہو سکے گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top