برما کے مسلمانوں پر ہونے والے ظلم کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ رفیق صدیقی

مورخہ: 13 جون 2013ء

اراکانی مسلمانوں پر ٹوٹنے والی قیامت پر مغربی میڈیا آنکھیں بند کئے ہوئے ہے

منہاج القرآن یوتھ لیگ کے سیکرٹری جنرل محمد رفیق صدیقی نے کہا ہے کہ مظلوم برمی مسلمانوں پر ہونے والے مظالم پر جہاں حقوق انسانی کے عالمی اداروں نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے وہاں پر مسلمان ممالک کے حکمرانوں کے کانوں پر بھی جوں تک نہیں رینگی۔ میانمارمیں نہتے مسلمانوں پر ظلم وستم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں اور ان کی نسل کشی کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج القرآن یوتھ لیگ کے مشاورتی کونسل کے اجلاس سے مرکزی سیکرٹریٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مشاورتی کونسل کے اجلاس میں طیب ضیاء، مدثر فاروق، شہزاد احمد، زبیر گیلانی اور راناراحیل بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ برما میںاب تک ہزاروں مسلمان ان المناک واقعات میں شہید ہو چکے ہیں۔ جبکہ برما کی حکومت مسلمانوں کے قتل عام کو روکنے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔ انہوں نے کہا خون مسلم ارزاں ہو چکا ہے۔ اراکانی مسلمانوں پر ٹوٹنے والی قیامت پر مغربی میڈیا آنکھیں بند کئے ہوئے ہے۔ ہم برما کے مسلمانوں پر ہونے والے ظلم کی پرزور مذمت کرتے ہیں اور عالمی انسانی حقوق کے اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مسلمانوں کی نسل کشی رکوانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ساری دنیا کے مسلمان اخوت، بھائی چارہ اور اسلام کے رشتوں میں بندھے ہیں جب تک مسلمان اپنے اندر اتحاد و اتفاق پیدا نہیں کرینگے اس طرح کے واقعات کو نہیں روکا جا سکتا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top