یونان : وزارت مذہبی امور کے جنرل سیکرٹری یورگوکالانجی کی ڈاکٹر حسن محی الدین قادری سے ملاقات

مورخہ: 14 جون 2013ء

وزارت مذہبی امور یونان کے سیکرٹری یورگوکالانجی سے صدر سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین کی 14 جون شام 6:30 بجے ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے مختلف مذہبی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی اسلام اور انسانیت کے لیے خدمات بارے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام نے دنیا کو اسلام کا حقیقی پیغام پہنچایا ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف 600 سے زائد صفحات پر تاریخی فتویٰ دے کر ثابت کیا ہے کہ اسلام سراسر امن و سلامتی، رحمت و رافت، تحمل و برداشت، محبت و الفت، احسان شعاری اور احترام آدمیت کا نام ہے، اس کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے ملت اسلامیہ اور پوری دنیا کو دہشت گردی کے مسئلہ پر حقیقت حال سے آگاہ کرتے ہوئے اسلام کا دو ٹوک موقف قرآن و سنت کی روشنی میں واضح کیا ہے۔ اور یہ موقف شرق تا غرب دنیا کے ہر خطہ میں تمام قابلِ ذکر اداروں اور مؤثر طبقات تک پہنچایا تاکہ غلط فہمی اور شکوک و شبہات میں مبتلا جملہ مسلم و غیر مسلم حلقوں کو دہشت گردی کے بارے میں اسلام کا نقطۂ نظر سمجھنے میں مدد مل سکے۔

انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام کا مقصد اسلام کے روشن چہرے پر لگے ہوئے دہشت گردی کے بدنما داغ کو دھونا، مسلمانوں کو قرآن و سنت کی اصل تعلیمات سے رُوشناس کرانا اور انسانیت کو دہشت گردی کی دہکتی آگ سے نجات دلانا ہے تاکہ دنیا میں امن قائم ہو سکے۔

یورگوکالانجی کو اس موقع پر ویڈیو کلپس کے بھی دکھائے گئے جس پر انہوں نے منہاج القرآن انٹرنیشنل کی کاوشوں کو سراہا اور مبارک باد دی۔ انہوں نے وزارت مذہبی امور یونان کی طرف سے منہاج القرآن یونان کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

ملاقات کے اختتام پر مذہبی امور کے جنرل سیکرٹری کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا ترجمہ قرآن "عرفان القرآن" اور دہشت گردی کے خلاف فتویٰ "دہشت گردی اور فتنہ خوارج" بھی گفٹ کیا جس پر جنرل سیکرٹری یورگوکالانجی نے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا شکریہ ادا کیا۔

ملاقات میں ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کے علاوہ چودھری اعجاز احمد وڑا ئچ (صدر یورپین کونسل منہاج القرآن)، بلال احمد اوپل (جنرل سیکرٹری یورپین کونسل منہاج القرآن)، سید محمد جمیل شاہ (ناظم پیس اینڈ انٹی گریشن یورپ)، رانا محمد وقار خان (صدر تحریک منہاج القرآن یونان)، غلام مرتضیٰ قادری (ناظم تحریک منہاج القرآن یونان )، راجہ ضیاء الحق (نائب صدر منہاج القرآن یونان) بھی شامل تھے۔

رپورٹ: مرزا امجد جان

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top