مانتے ہیں ڈاکٹر طاہرالقادری نے نظام کے خلاف درست سمت میں جدوجہد کی : صدر تحریک انصاف پنجاب کی پاکستان عوامی تحریک کے راہنماؤں سے ملاقات

مورخہ: 26 جون 2013ء

جمہوریت اور کرپٹ نظام انتخاب میں کوئی جوڑ نہیں، تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک میں اتفاق
انتخابی اصلاحات کے بغیر تبدیلی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا
عوام کو جان لینا چاہیے کہ موجودہ ظالمانہ نظام کو موت دئیے بغیر انہیں نجات نہیں مل سکتی
وقت آ گیا ہے کہ تبدیلی کی قوتیں تحفظات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ایک راستہ چن لیں
تحریک انصاف پنجاب کے صدر کی بشارت جسپال سے ماڈل ٹاؤن میں ملاقات

موجودہ نظام انتخاب جمہوریت اور تبدیلی کا دشمن ہے، انتخابی اصلاحات ناگزیر ہو چکیں ہیں۔ مانتے ہیں ڈاکٹر طاہرالقادری نے نظام کے خلاف درست سمت میں جدوجہد کی۔ تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کی منزل تبدیلی ہے اور اس کے لئے ورکنگ ریلشن شپ کے عمل کو آگے بڑھایا جائے گا۔ ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ پاکستان عوامی تحریک کی قیادت کو تحریک انصاف کے سیکرٹریٹ آنے کی دعوت دیتا ہوں۔

ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف پنجاب کے صدر محمد اعجاز چودھری کی قیادت میں تحریک انصاف کے4 رکنی وفدنے پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر بشارت عزیز جسپال سے ماڈل ٹاؤن سیکرٹریٹ میں ملاقات کے دوران کیا۔

اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک کی طرف سے عاقل ملک، ساجد محمود بھٹی، محمد حنیف مصطفوی، میاں زاہد جاوید اور عبد القادر جبکہ نور محمد، رانا محمد ندیم، حماد نیازی تحریک انصاف کی طرف سے موجود تھے۔ دونوں جماعتوں کے قائدین نے اس امر پر اتفاق کیا کہ جمہوریت اور موجودہ نظام انتخاب کے درمیان کوئی جوڑ نہیں۔ انتخابی اصلاحات کے بغیر تبدیلی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے دونوں جماعتوں میں اتفاق پایا گیا کہ اختیارات کی نچلی سطح تک تقسیم ہونی چاہیے اور صوبائی اور قومی اسمبلی کے اراکین کے صوابدیدی اور مالیاتی اختیارات ختم کر کے انہیں صرف قانون سازی تک محدود کیا جائے تا کہ عوام کے حقوق دلانے کیلئے قانون سازی کا عمل آگے بڑھے۔

ملاقات کے بعد صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر بشارت عزیز جسپال نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کی بجائے ان سے جینے کا حق بھی چھینا جا رہا ہے، اوپر سے لوڈ شیدنگ نے جینا عذاب کر رکھا ہے۔ ایسا صرف اور صرف کرپٹ اور استحصالی نظام کی وجہ سے ہے۔ عوام کو جان لینا چاہیے کہ موجودہ ظالمانہ نظام کو موت دئیے بغیر انہیں نجات نہیں مل سکتی۔ بلدیاتی انتخابات سے قبل قوم کے سامنے ضلعی حکومتوں کا قابل عمل ماڈل پیش کیا جائے گا۔

تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز چودھری نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ تبدیلی کی قوتیں تحفظات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ایک راستہ چن لیں۔ مستقبل میں تبدیلی کی تمام قوتوں کو اکٹھا ہونا ہو گا اس کے بغیر تبدیلی کا کوئی تصور نہیں ہے۔ موجودہ الیکشن میں جس سے جو غلطی ہوئی اس کو دہرانے کی بجائے اکھٹے مل کر نظام کے خلاف جدوجہد کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ 3 ماہ کے اندر بلدیاتی الیکشن کا قابل عمل ماڈل قوم کے سامنے لائیں گے اور خیبر پختونخواہ میں نافذ کر کے پنجاب میں بھی اس ماڈل کے حوالے سے دباؤ ڈالیں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top