وہ ماہ منور طلوع ہونے والا ہے جس میں شیطانی قوتیں مغلوب اور نیکی و پرہیز گاری کی فضا غالب ہو جاتی ہے۔ ابرار رضا ایڈووکیٹ

جب رمضان المبارک کا چاند نظر آئے تو رب کے آگے ہاتھ پھیلا دیں، صلوۃ الحاجت ادا کریں
رمضان المبارک فیوض و انعامات ربانی کا گراں بہار مجموعہ ہے
علامہ رانا محمد ادریس کا منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام ''مرحبا ۔۔۔۔ ماہ رمضان کانفرنس'' سے خطاب

رحمت و مغفرت کا ماہ مبارک ہم پر سایہ فگن ہونے والا ہے۔ وہ ماہ مقدس قریب سے قریب آتا جا رہا ہے جسے اللہ کریم نے نزول قرآن اور رسول رحمت حضرت محمد مصطفیٰصلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے رحمت، مغفرت اور جہنم سے نجات کا مہینہ قرار دیا ہے۔ وہ ماہ منور طلوع ہونے والا ہے جس میں شیطانی قوتیں مغلوب اور نیکی و پرہیز گاری کی فضا غالب ہو جاتی ہے۔ مسلم معاشرے پر روحانی نظم و ضبط کا رنگ چڑھ جاتا ہے۔ سحری کے لمحے بڑے دلاآویز اور افطار کے مناظر بڑے ایمان افروز ہوتے ہیں۔ جس طرح بہار کی آمد سے پورا موسم بدل جاتا ہے اسی طرح رمضان کی آمد سے پورا ماحول بدل جاتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار تحریک منہاج القرآن اسلام آبادکے صدر ابراررضاایڈووکیٹ نے منہاج القرآن علماء کونسل کے زیر اہتمام منہاج مدینہ ہال کراچی کمپنی میں منعقدہ ’’مرحبا ۔۔۔۔ ماہ رمضان کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔جبکہ اس موقع پرسید بشیرحسین شاہ،علامہ صدیق بٹ ،طالب حسین سہروردی،فاروق بٹ،عثمان بٹ،اشتیاق میر ایڈووکیٹ،جاوید اصغرججہ اور دیگر کارکنان بھی موجود تھے۔

ابرار رضا ایڈووکیٹ نے کہا کہ رمضان المبارک رحمت، مغفرت اور نیکیوں کا موسم بہار ہے۔ رمضان المبارک فیوض و انعامات ربانی کا گراں بہار مجموعہ ہے۔ یہ دین و دنیا کی بھلائی اور آخرت کی کمائی کا مہینہ ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے رمضان المبارک کو صبر و ضبط اور ایثار کا مہینہ قرار دیا۔ ضبط نفس اور ہمدردی و غم خواری ماہ صیام سے خاص نسبت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے۔ ہمیں یہ طے کرنا ہے کہ رحمت اور برکت کے اس بہتے دریا سے ہم کس طرح زیادہ سے زیادہ جھولیاں بھر سکتے، کیسے زیادہ نیکیاں سمیٹ سکتے ہیں اور 30 دن کی اس مشق سے ہم کس طرح اپنی شخصیت کے اندر ایک نکھار پیدا کر سکتے ہیں۔ ہمیں استقبال رمضان کی تیاری کرنا ہے اور پھر دوران رمضان خیر اور بھلائیاں سمیٹنی ہیں اور اپنے اندر سے ایک نیا انسان دریافت کرنا ہے۔ جب رمضان المبارک کا چاند نظر آئے تو رب کے آگے ہاتھ پھیلا دیں، صلوۃ الحاجت ادا کریں اور رب سے رمضان کریم کی بابرکت ساعتوں میں برکت کی دعائیں مانگیں اور وہ تمام دعائیں جو ماہ مقدس کے حوالے دل میں ہوں مانگیں کہ رب مہربان اور دینے والا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top