پتوکی: 5 روزہ دروس عرفان القرآن - تیسرا روز

انسانیت کی خدمت کرنے سے اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل ہوتی ہے۔ رانا محمد ادریس
دین اسلام میں حقوق العباد کو حقوق اللہ پر فوقیت دی گئی ہے اور تقریباً 90 فیصدحصہ حقوق العباد پرمشتمل ہے۔
تحریک منہاج القرآن تحصیل پتوکی کے زیراہتمام ہونے والے دروس عرفان القرآن میں اجتماع سے خطاب

پتوکی (تحصیل رپورٹرر) رمضان المبارک کی پرنور ساعتوں میں تحریک منہاج القرآن پتوکی تیسرا سالانہ 5 روزہ دروس عرفان القرآن کا اہتمام کر رہی ہے جس کا تیسرا پروگرام 13 جولائی 2013ء بروز ہفتہ بعد نماز فجر منعقد ہوا۔ درس قرآن کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت حافظ عبد الجبار نے حاصل کی جبکہ ماسٹر ذوالفقار احمد نے آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حضور ہدیہ نعت پیش کی۔ پروگرام میں پتوکی شہر سے سینکڑوں خواتین و حضرات نے شرکت کی۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے نوجوانوں نے سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیے۔

اس موقع پر علامہ رانا محمد ادریس نے انسانی عظمت کا زار کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو اپنی مخلوق کے ساتھ حسن ِسلوک کا حکم دیا ہے کہ جو بندہ میری مخلوق سے محبت کرے گا وہ میری خوشنودی کوحاصل کر لے گا۔ دین اسلام میں جہاں حقوق اللہ کا ذکر ہے وہاں حقوق العباد کا ذکر کثرت کے ساتھ آتا ہے اور دین اسلام میں حقوق اللہ کا 10 فیصد حصہ باقی 90 فیصد حصہ حقوق العباد پر مشتمل ہے۔ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ایک دفعہ نماز پڑھانے لگے اور اقامت ہوگئی تھی کہ ایک سائل مسجد نبوی کے دروازے پر آیا اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو پکارا کہ میں کئی دن سے بھوکا ہوں میری مدد کی جائے، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے نماز کو ترک کر کے پہلے سائل کی مدد کی اور بعد میں نماز ادا کی۔

انہوں نے کہا آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اس سنت ِمبارکہ سے اُمت کو یہ سبق ملتا ہے کہ انسانیت کے دکھ، درد اور پریشانی کو دور کرنا اللہ تعالیٰ عبادت سے بھی افضل درجہ کی عبادت ہے۔ لہٰذا ہمیں چاہئے کہ جہاں ہم حقوق اللہ کی پابندی کرتے ہیں وہاں حقوق العباد کو بھی ملحوظ خاطر رکھنا بہت ضروری ہے۔ اللہ تعالیٰ کی عبادت میں بھی دراصل انسانی خدمت کا راز پوشیدہ ہے جیسے نماز اگر ہم گھر پر اکیلے ادا کریں تو ایک نماز کا ثواب ملے گا مگر باجماعت نماز ادا کرنے سے اجر 27 گنا بڑھ جائے گا کیونکہ آپ نے یہ عبادت اجتماعی طور پر کی اور آپس میں ملاقات کی اوراپنے دکھ درد کو ایک دوسرے کے ساتھ شیئرکیا۔ انسان کاپیاراورمحبت سے آپس میں ملنا اللہ تعالیٰ کوبہت پسند ہے۔

پروگرام کو آرگنائز کرنے میں محبوب عالم بھٹی، رانا محمد اشرف ایڈووکیٹ، محمد طیب افضل، ڈاکٹر محمد الیاس، ماسٹر ذوالفقار، تنویرحسین منا، ڈاکٹر محمد صادق، سیّد احمد فرخ شاہ، محمد اشرف، محسن جاوید، ڈاکٹر شاہ محمد، محمد اسلم قادری اور منہاج القرآن یوتھ لیگ کے نوجوان سیّد سبطین شاہ، محمد نقاش قادری، قاری ذیشان عطاری،حافظ عبدالجبار، محمد شہزاد خان، محمد عامر رضا، ڈاکٹر محمد اکبر، محمد زبیر، محمد زاہد قادری اور دیگر کارکنان نے اہم کردار ادا کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top