تبدیلی باتوں سے نہیں بلکہ موجودہ انتخابی نظام کے خلاف موثر جدوجہد سے آئے گی، انجینئر محمد رفیق نجم

فیصل آباد( ) تحریک منہاج القرآن یوسی 201 ماناوالہ میں بیداری شعور کی تقریب سے ضلعی ناظم انجینئر محمد رفیق نجم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدترین معاشی اور انتظامی بحران میں گھرے پاکستان کو کرپشن کی دیمک چاٹے جا رہی ہے جو چند مقتدر خاندانوں کی ہوس اقتدار کے باعث ہے۔ صاحبان اقتدار اور منتظرین اقتدار کی ترجیح پاکستان ہے نہ عوام۔ اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھے افراد کے مفادات کے دو پارٹیوں کے درمیان عوام گندم کے دانوں کی طرح پس رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تبدیلی باتوں سے نہیں بلکہ موجودہ انتخابی نظام کے خلاف موثر جدوجہد سے آئے گی۔ موجودہ ظالمانہ نظام اقتدار میوزیکل چیئرز کے گرد گھومنے والے چند خاندانوں کو مکمل تحفظ فراہم کرتا ہے۔ عوام اپنے اصل دشمن کو پہچانیں جو موجودہ انتخابی نظام کی صورت میں ان کے حقوق پر مسلسل ڈاکہ ڈالے جا رہا ہے اور وہ بے بسی کی موت کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ اس موقع پر صدر سہیل مقصود، کاشف اعجاز، مشتاق احمد گجر، آفتاب احمد، حاجی ندیم احمد، شہباز ہاشمی بھی موجود تھے۔

انجینئر رفیق نجم نے کہا کہ توانائی کے بد ترین بحران نے تاجروں کا کاروبار تباہ کرنے کے ساتھ غریب کے چولہے کو بھی ٹھنڈا کر دیا ہے۔ ٹھنڈے کمروں میں بیٹھ کر قومی خزانے کی لوٹ مار کرنے کی پلاننگ کرنے والے قوم کو کبھی ترقی اور خوشحالی نہ دے سکیں گے۔ اس لئے ناگزیر ہے کہ موجودہ استحصالی نظام کے خلاف منظم جدوجہد کر کے ایسے طبقات کو ہمیشہ کیلئے اقتدار سے محروم کر دیا جائے۔ پاکستان عوامی تحریک کی نظام کے خلاف بیداری شعور مہم میں عوام شریک ہو جائیں تا کہ خوشحال مستقبل کی ضمانت مل سکے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top