ہر پاکستانی اپنی بساط کے مطابق سیلاب زدگان کی مدد کیلئے آگے بڑھے۔ سید امجد علی شاہ

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن متاثرین سیلاب کو ماہانہ بنیادوں پر راشن کی ترسیل جاری رکھے گی
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت سیلاب سے متاثرہ خاندانوں میں راشن کی تقسیم

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر سید امجد علی شاہ نے کہا ہے کہ بدترین سیلاب نے پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ لاکھوں بچے، بوڑھے اور خواتین کھلے آسمان تلے مدد کے طلبگار ہیں۔ اشیائے خوردونوش کے علاوہ فوری طور پر وبائی امراض سے بچاؤ کیلئے بڑے پیمانے پر میڈیکل ریلیف کی ضرورت ہے۔ ہر پاکستانی اپنی بساط کے مطابق سیلاب زدگان کی مدد کیلئے آگے بڑھے۔ قوم اس جذبے سے اپنے دکھی بھائیوں کی مدد کرے کہ انکا عمل دیکھ کر ہر کوئی بڑھ چڑھ کر نیکی کے اس عمل میں شامل ہو جائے۔ وہ گذشتہ روز مرید کے میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت متاثرین سیلاب کیلئے لگائے گئے میڈیکل ریلیف کیمپ اور سینکڑوں خاندانوں میں راشن تقسیم کر رہے تھے جبکہ اس موقع پر خرم شہزاد، طارق محمود عاجز، ڈاکٹر محمد اشفاق، چودھری ریاست علی چدھڑ و دیگر بھی موجود تھے۔ سید امجد علی شاہ نے کہا کہ آج 100سے زائد خاندانوں میں ایک ماہ کا راشن پیکج تقسیم کیا گیا ہے اور آئیندہ 500سے زائد خاندانوں میں راشن پیکج تقسیم کر دیا جائیگا۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن متاثرین سیلاب کو ماہانہ بنیادوں پر راشن کی ترسیل جاری رہیگی اور متاثرہ علاقوں میں میڈیکل ریلیف کیمپ بھی لگائے جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی مختلف بیماریوں کے بچاؤ کیلئے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے میڈیکل کیمپ سے متاثرین کو لاکھوں روپے کی ادویات مہیا کی گئی ہیں اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر خرم شہزاد کی سربراہی میں مرید کے، کامونکی کے متاثرین سیلاب کی امداد کیلئے 10رکنی فلڈ ریلیف کمیٹی بھی تشکیل دیدی گئی ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top