شکرگڑھ: تحریک منہاج القرآن کا ورکرز کنونشن

تحریک منہاج القرآن تحصیل شکرگڑھ کے زیراہتمام ورکرز کنونشن منعقد ہوا جس کی صدارت چوہدری آفتاب احمد سیالوی (صدر تحریک منہاج القرآن شکرگڑھ) نے کی جبکہ مہمان خصوصی مرکزی صدر پاکستان عوامی تحریک شیخ زاہدفیاض، سیکرٹری کوآرڈینیشن ساجد محمود بھٹی، سردار بشیر خان لودھی اور مرکزی سیکرٹری جنرل منہاج یوتھ لیگ حافظ شعیب طاہر تھے۔ علاوہ ازیں کنونشن میں تحصیل بھر سے کثیر تعداد میں کارکنان نے شر کت کی۔

کنونش 8 ستمبر 2013 کو صدیق میرج ہال شکرگڑھ میں منعقد ہوا جس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام ِمجید سے ہوا، تلاوت کی سعادت جناب قاری محمد سعدی نے حاصل کی جبکہ آقا علیہ صلوٰۃ والسلام کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت شیخ حسن ظہور نے پیش کئے۔

پروفیسرڈاکٹر حافظ محمد شفیق (صدر منہاج علماء کونسل شکرگڑھ) نے خطبہ استقبالیہ دیا، غلام سرور (ناظم تحریک منہاج القرآن شکرگڑھ)نے مہمانان گرامی اور کارکنان کا شکریہ ادا کیا، جبکہ سٹیج سیکٹری کے فرائض جناب فیصل رفیق جنرل سیکٹری پاکستان عوامی تحریک ضلع نارووال نے بڑے احسن طریقے سے انجام دیے۔

مرکزی صدر پاکستان عوامی تحریک شیخ زاہد فیاض نے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں جو نظام چل رہا ہے، وہ جمہوریت نہیں بلکہ مجبوریت ہے۔ جس میں عوام کے حقوق غصب کیے جا رہے ہیں۔ اس ملک میں 18 کروڑ غریب عوام کے لیے نہ معیشت ہے، نہ مال کا تحفظ ہے۔ نہ حقوق ہے۔ نہ جینے کا حق ہے۔ نہ کسی کی آبرو کا تحفظ ہے۔ صرف چند لوگوں کے لیے بنیادی حقوق رہ گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں رائج نظام ایسا اژدھا ہے، جو بھی اس کا حصہ بنتا ہے، اسے برباد کر دیتا ہے، کہیں کا نہیں چھوڑتا۔ اگر کوئی نظام بدلنا چاہتا ہے تو اس نظام کے خلاف ٹکرائے، پھر اس ملک کی تقدیر بدلی جا سکتی ہے۔

آخر میں انہوں نے پاکستان عوامی تحریک کا آئندہ کا لائحہ عمل بھی پیش کیا۔

ساجد محمود بھٹی، سردار بشیر خان لودھی، اور جناب شعیب طاہر نے بھی کنونشن سے خطاب کیا۔ اس کے بعد کارکنان میں 23 دسمبر، لانگ مارچ اور 11 مئی کے دھرنے میں شرکت پر خصوصی اسناد تقسیم کی گئیں۔ MDF میں جن کارکنان نے خصوصی تعاون کیا ان کے لئے تحریک منہاج القرآن شکرگڑھ کی طرف سے خصوصی شیلڈز پیش کی گئیں۔ علاوہ ازیں یونین کونسل بارہ منگا کو 23 دسمبر سے 11 مئی اور روٹین ورک کے لحاظ سے بیسٹ یونین کا ایوارڈ دیا گیا۔

 تقریب کا اختتام صاحبزادہ انتظار حسین کی دعائے خیر سے ہوا۔

رپورٹ۔ ۔ ۔ ۔ محمد ارشد خان (سینئر نائب ناظم تحریک منہاج القرآن شکرگڑھ)

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top