موجودہ نظام نمک کی ایسی کان ہے جس میں ہیرا بھی کچھ عرصے میں اپنا وجود کھو دیتا ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری
نظام کی تبدیلی کے بغیرعوام اوران کے حقوق کے مابین خلیج بڑھتی جائے گی
اختیارات کی عدم مرکزیت پر یقین رکھتے ہیں، 35صوبے ہی پاکستان کے مسائل کاواحدحل ہیں
پاکستان عوامی تحریک کی ممبرسازی مہم ملک میں حقیقی جمہوریت کے قیام کے لئے ہے
پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمدطاہر القادری نے کہا ہے کہ موجودہ نظام نمک کی ایسی کان ہے جس میں ہیرا بھی کچھ عرصے میں اپنا وجود کھو دیتا ہے، نظام کی تبدیلی کے بغیر عوام اور ان کے حقوق کے مابین خلیج بڑھتی جائے گی۔ اختیارات کی عدم مرکزیت پر یقین رکھتے ہیں، ہماری جماعت پاکستان کے ہر ڈویژن کوصوبہ بنانا چاہتی ہے، 35 صوبے ہی پاکستان کے مسائل کا واحد حل ہیں، صوبے کا نظم ونسق چلانے کے لئے وزیراعلیٰ کی بجائے ایک گورنر کافی ہے جس کا بجٹ ڈویژن کے کمشنر کے برابر ہوگا۔ ایک کروڑ نمازی جمع ہوں گے تو اقامت کہ کر جماعت قائم کریں گے، جس دن جماعت قائم ہوگی ملک سے کرپشن کا خاتمہ اور حقیقی جمہوریت کا خواب شرمندہ تعبیر ہو جائے گا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک پنجاب کی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ آبادی کے لحاظ سے پاکستان سے 60 فیصد کم ممالک میں 50 سے 80 صوبے ہیں، وہاں ایک ہزار کے قریب ضلعی اور 3000 تک میونسپل حکومتیں قائم ہیں۔ وفاقی حکومت کے پاس صرف سٹیٹ بنک، کرنسی، دفاع، عالمی تجارت سمیت 6 محکمے ہونا چاہئیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہاکہ پورے پنجاب کی بجائے صرف لاہور کا وزیراعلیٰ بننا اس لئے پسند نہیں کیاجاتا کہ اس طرح لوٹ مار کے لئے بجٹ کم ملے گا اور لوٹ مار کے مواقع کم میسر آتے ہیں، اس لئے نظام کی تبدیلی کی طرف بڑھنے سے اکثر جماعتیں خوف زدہ ہیں مگر ہم عوام کو حقوق دلانے کے لئے 35 صوبے بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام کی قباحتوں میں سے ایک یہ بھی ہے کہ تقرر، ترقی اور تبادلہ وزیراعلیٰ اور اس کے بیٹے کا مرہون منت ہے، جہاں وسائل اور اختیارات کا اتنا ارتکاز ہو وہاں جمہوریت پنپ نہیں سکتی اور عوام کے حقوق ضرور ذبح ہوتے ہیں۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ افسوس موجودہ نظام میں پولیس کانسٹیبل، پٹواری اور تحصیل دار کی ٹرانسفربھی وزیراعلیٰ کے بغیر نہیں ہوسکتی، ارتکاز وسائل کا ہو یا اختیارات کا معاشروں کو تباہی کی جانب ہی دھکیلتا ہے، پاکستان عوامی تحریک کی ممبرسازی مہم ملک میں حقیقی جمہوریت کے قیام کے لئے ہے۔
تبصرہ