وقت آ گیا ہے کہ قوم ڈاکٹر طاہرالقادری کی کہی ہوئی اذان پر استقامت کے ساتھ اقامت کے لئے کھڑی ہو۔ خرم نواز گنڈاپور

تبدیلی کی راہ میں آنے والی ہر رکاوٹ ریت کا ذرہ ثابت ہوگی۔ خرم نوازگنڈاپور

پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نوازگنڈاپور نے کہا ہے کہ وقت آ گیاہے کہ علماء کو بالخصوص قومی اور ملی فریضہ سمجھتے ہوئے قوم کا ضمیر بیدار کرنے میں اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔ قوم ظلم کی چکی میں پس پس کر مرنے کی بجائے ڈاکٹر طاہرالقادری کی کہی ہوئی اذان پر استقامت اور خلوص کے ساتھ اقامت کے لئے اٹھ کھڑی ہو۔ جس دن ایک کروڑ عوام گھروں سے نکل کر باطل کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑے ہو جائیں گے تو بڑی سے بڑی طاقت بھی ان کے سامنے خس و خاشاک کی طرح بہہ جائے گی اور انقلاب کی راہ میں آنے والی ہر رکاوٹ ریت کا ذرہ ثابت ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ممبر سازی مہم کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر فاروق بٹ، احمد نواز انجم، فاروق بٹ اور اشتیاق میر ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا۔ خرم نوازگنڈاپور نے کہا کہ انقلاب کی صورت میں ہی وطن عزیز پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کیاجا سکتا ہے اور ملک کو نظریہ پاکستان کی اساس کے مطابق ایک مضبوط، جمہوری، فلاحی اور اسلامی معاشرے میں بدلا جا سکتاہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں بدامنی، قتل و غارت گری، لوٹ مار، لوڈ شیڈنگ، دہشت گردی اور خوف و ہراس حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہیں۔ پاکستانی عوام حکمرانوں کی نااہلیوں کا سب سے زیادہ خمیازہ بھگت رہے ہیں اور بدقسمتی سے پاکستان کو ناکام ریاست بنانے کی پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔ پاکستان بے تحاشا وسائل، باصلاحیت افرادی قوت اور کرشماتی نعمتوں کے باوجود اندھیروں میں ڈوبا ہوا ہے۔ یہاں آج بھی بھوک، افلاس، مہنگائی کا طوفان ہے جو رکنے کانام نہیں لے رہا۔ اب وقت ہے کہ پوری قوم اس عوام دشمن نظام کے خاتمے کے لئے اپنی ذمہ داری کو سمجھتے ہوئے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں رائج فرسودہ نظام کی تبدیلی سے ظلم و استبداد اور گمراہی کے بادل چھٹ جائیں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top