گوجر خان: تحریک منہاج القرآن کا ورکرز کنونشن

تحریک منہاج القرآن گوجر خان کے زیراہتمام سرپرست اعلی تحریک منہاج القرآن گوجر خان پیر سید صدیق حسین شاہ کی زیر صدارت ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا گیا جس میں مرد و خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ کنونشن کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔ اس موقع پر تحریک منہاج القرآن کے مرکزی نائب ناظم اعلی احمد نواز انجم، نائب ناظم پنجاب چوہدری انار خان گوندل اور سیکرٹری انفارمیشن تحریک منہاج القرآن گوجر خان عبد الستار خان نیازی نے خصوصی شرکت کی۔

کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے تحریک منہاج القرآن کے مرکزی نائب ناظم اعلی احمد نواز انجم نے کہا کہ انقلابی جانثاروں کی طاقت کیساتھ اس ملک سے کرپٹ لوگوں کا صفایا کردیں گے۔ کوئی کسی غلط فہمی میں نہ رہے ہم عوامی طاقت کا صحیح استعمال جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک پر جمہوریت کے نام پر عوامی حقوق پر ہمیشہ شب خون مارا جاتا رہا ہے۔ ہم انقلاب کیلئے میدان میں اتر پڑے ہیں اور اب منزل پانا ہماری زندگیوں کا مقصد ہے۔

احمد نواز انجم نے کہا کہ قائد تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قیادت میں انقلاب کا سویرا بہت جلد طلوع ہوگا اور جب انقلاب کی نماز کیلئے اقامت کہی جائے گی تو شیطان اس ملک سے بھاگ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک کو نڈر قیادت کی ضرورت ہے جو کسی بھی طاقت کے سامنے NO کہنے کی ہمت اور طاقت رکھتی ہو اور ملکی سالمیت پر کوئی آنچ نہ آنے دے۔

شرکاء تقریب نے یہ عہد کیا کہ ہم ڈاکٹر طاہرالقادری کی ہر کال پر لبیک کہتے ہوئے میدان عمل میں اتریں گے اور مصطفوی انقلاب کیلئے بڑی سے بڑی قربانی سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔

کنونشن میں تاحیات رفقاء میں اسناد کی تقسیم کے علاوہ 23 دسمبر، لانگ مارچ اور11 مئی کے دھرنے میں شریک افراد میں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے گئے۔

 کنونشن کا اختتام پیر سید صدیق حسین شاہ نے خصوصی دُعا کیساتھ کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top