کوہاٹ: تاجدار ختم نبوت (ص) کانفرنس

تحریک منہاج القرآن کوہاٹ کے زیرِانتظام عظیم الشان ختمِ نبوّت (ص) کانفرس کا جامع مسجد حضرت حاجی بہادر رحمۃ اللہ علیہ میں انعقاد کیا گیا۔ پہلی نشست ظہر کے بعد شروع ہوئی جس کی صدارت ملک ہمّت خان سابق ناظم اربن 5 نے کی، جبکہ علامہ شیر علی مہمانِ خصوصی تھے۔

 

نشستِ اوّل کا آغاز تلاوتِ کلام الٰہی سے ہوا جس کی سعادت قاری معین الدین چشتی نے کی۔ سیّد افراز شاہ، شہزاد احمد اور قاری خلیل احمد قریشی نے بارگاہ سرور کونین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں نذرانہ عقیدت و محبت پیش کیا۔ نشست سے خطاب کرتے ہوئے حافظ عبدالجلیل نے عقیدہ ختم ِنبوّت کی ضرورت و اہمیّت پر روشنی ڈالی اور اس حوالے سے اکابرین اہلِسنّت کے کردار کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔

دوسری نشست کا آغاز نمازِ مغرب کے بعد ہوا جس کی صدارت خیبر پختونخوا اسمبلی کے رکن ضیاء اللہ بنگش نے کی، جبکہ آستانہ عالیہ مکھڈ شریف کے سجادہ نشین پیر سراج الدین محمد ناصر گل اس موقع پر مہمانِ خصوصی تھے۔ نشست حافظ عبدالقیوم کی تلاوتِ کلامِ پاک اورمحمد انور خان قادری کے پیش کئے گئے درودوسلام کے نذرانہ سے شروع ہوئی۔ اس موقع پر تحریک منہاج القرآن کی نظامتِ دعوت کے مرکزی ناظم علامہ یاسر نقشبندی نے خطاب کرتے ہوئے عقیدہ ختمِ نبوّت اور دورِ حاضر میں امّتِ مسلمہ کی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی۔

مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے کانفرنس کی دونوں نشستوں میں شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top