نام نہاد جمہوریت ملک و قوم کے ماتھے پر بدنما داغ ہے، عمر ریاض عباسی

بدامنی، قتل و غارت گری، لوٹ مار، لوڈ شیڈنگ، دہشت گردی موجودہ نظام کے مرہون منت ہے۔ سردار منصور خان

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عمر ریاض عباسی نے کہا ہے کہ جمہوریت اس نظام کو کہتے ہیں کہ جس میں محکوم اپنے حکمرانوں کو اور ووٹر اپنے نمائندوں کو کنٹرول کر سکیں اور ان کا احتساب کرسکیں۔ حقیقی جمہوریت وہ ہوتی ہے جس میں ووٹرز کا اختیار نمائندگان پر ہو، جبکہ ہمارے ملک میں عوام اپنے حکمرانوں اور نمائندوں پر کوئی اختیار نہیں رکھتے۔ انتخابات فقط ڈھونگ رچانے کا نام ہے، بدقسمتی سے جمہوریت کو فقط الیکشن کا نام دے دیا گیا ہے اور عوام کاحق صرف لائنوں میں لگ کر ووٹ پول کرنا ہے اور پھر 5 سال ظلم اور استحصال کانشانہ بننا ہے۔ وقت آگیا ہے کہ عوام اپنے حقوق کے لئے اور حقیقی جمہوریت کے قیام کے لئے بیدار ہو کر ملک میں حقیقی جمہوریت کے قیام کے لئے اپنا اپنا فریضہ ادا کریں۔ ظلم کی چکی میں پس پس کر مرنے کی بجائے ڈاکٹر طاہرالقادری کے دست و بازو بن کر اٹھ کھڑے ہوں اور ملک میں حقیقی جمہوریت کے قیام کے لئے عوامی تحریک کی ایک کروڑ نمازیوں کی صف میں شامل ہو جائیں۔ جس دن ایک کروڑ عوام گھروں سے نکل کر باطل نظام کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہوجائیں گے تو بڑی سے بڑی طاقت بھی ان کے سامنے نہیں ٹھہر سکے گی، انقلاب کی راہ میں آنے والی ہر رکاوٹ پاش پاش ہو جائیگی اور ملک میں حقیقی جمہوریت کا خواب شرمندہ تعبیر ہو کر رہے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جمہوریت کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سردار منصور خان، فاروق بٹ، اشتیاق میر ایڈووکیٹ، غضنفر کھوکھر نے بھی خطاب کیا۔

سردار منصور خان نے کہا کہ موجودہ دور میں بدامنی، قتل و غارت گری، لوٹ مار، لوڈ شیڈنگ، دہشت گردی اور خوف و ہراس نام نہاد جمہوریت کے مرہون منت ہے۔ ملک میں حقیقی جمہوریت کو پنپنے نہیں دیا گیا جس کے باعث عوام سب سے زیادہ خمیازہ بھگت رہے ہیں اور بد قسمتی سے پاکستان کو ناکام ریاست بنانے کے لئے جمہوریت کو پٹری پر چڑھنے نہیں دیا گیا، کبھی فوجی آمریت اور کبھی سیاسی آمریت نے پاکستان کو اپنے مفادات کی بھینٹ چڑھائے رکھا۔ بے تحاشا وسائل، باصلاحیت افرادی قوت اور کرشماتی نعمتوں کے باوجود ملک اندھیروں میں ڈوبا ہوا ہے۔ یہاں آج بھی بھوک، افلاس، مہنگائی کا طوفان ہے جو رکنے کانام نہیں لے رہا۔ یہ سب کچھ نام نہاد جمہوریت اور حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کے باعث ہے، اب وقت ہے کہ پوری قوم اس عوام دشمن نظام کے خاتمے کے لئے اپنی ذمہ داری کو سمجھتے ہوئے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں رائج فرسودہ نام نہاد جمہوری نظام کی تبدیلی سے ظلم و استبداد اور گمراہی کے بادل چھٹ جائیں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top