ہر فرد کو نظام کی تبدیلی کیلئے کردار ادا کرنا ہو گا ورنہ ہماری نسلوں کا مستقبل حقیقی آزادی سے محروم ہو جائے گا۔ ڈاکٹر محمد طاہر القادری

عمران خان سمیت تبدیلی چاہنے والے کروڑوں لوگوں کو میرا پیغام ہے کہ وقت ضائع نہ کریں، تبدیلی کے لئے جماعت کاحصہ بن جائیں
ہر پاکستانی کو کرپٹ نظام کے خاتمے کی جہد مسلسل کا حصہ بننے کے لئے ایک کروڑ نمازیوں کی صف میں شامل ہونے کا عہد کرنا ہو گا۔ ڈاکٹر طاہر القادری

پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ آج ہم تکمیل پاکستان کی جدوجہد سے تحفظ پاکستان تک اس لئے آ گئے ہیں کہ نظریہ پاکستان کی روح کمزور ترین ہو گئی ہے۔ دہشت گردی، انتہا پسندی اور نام نہاد جمہوریت کے لبادے میں نااہل سیاستدانوں کی وجہ سے پچھلی کئی دہائیوں سے نظریہ پاکستان پر حملے ہو رہے ہیں۔ آج پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کو خطرات لاحق ہیں، آج ہر پاکستانی کو کرپٹ نظام کے خاتمے کی جہد مسلسل کا حصہ بننے کے لئے ایک کروڑ نمازیوں کی صف میں شامل ہو نے کا عہد کرنا ہو گا تا کہ ملک میں حقیقی جمہوریت کا سویرا طلوع ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہر فرد کو نظام کی تبدیلی کیلئے کردار ادا کرنا ہو گا ورنہ ہماری نسلوں کا مستقبل حقیقی آزادی سے محرو م ہو جائے گا۔ ملک پاکستان کا استحکام اور عوام کی خوشحالی نظام کے خلاف عملی جدوجہد اور اس کی کامیابی سے مشروط ہے۔ پاکستان عوامی تحریک نے استحصالی اور کرپٹ سیاسی نظام کے خلاف پرامن جدوجہد شروع کی ہے جو منزل مقصود کے حصول تک جاری رہے گی۔ موجودہ نظام انتخاب بوسیدہ مکان کی مانند ہے اس لئے اس موجودہ نظام کو پاکستان عوامی تحریک مسترد کرتی ہے۔

ان خیالات کا اظہا انہوں نے گزشتہ روز عوامی تحریک اسلام آباد، راولپنڈی کے عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سردار منصور خان، عمر ریاض عباسی بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ 18 کروڑ عوام ان کو کچلنے والوں کو پال رہے ہیں اور خود ان کے جوتوں کے نیچے پامال ہورہے ہیں۔ پوری قوم کو میرا یہ پیغام ہے کہ گھروں میں بیٹھ کر وقت ضائع نہ کریں، آپ کی جان، مال کی حفاظت حکمرانوں نے نہ کبھی کی نہ کبھی کریں گے اور نہ ان کے ایجنڈے میں ہے۔ عوام کی خوشحالی کا ایجنڈ ان کے پاس نہیں ہے اور نہ ہی یہ اس لئے برسراقتدار آتے ہیں، کیونکہ یہ نظام غریب عوام کے لئے بنایا ہی نہیں گیا یہ نظام انہی کے لئے ہے۔ اگر قوم اپنے آپ کو بچاناچاہتی ہے، ملک کے مستقبل کو بدلناچاہتی ہے، اس ملک کو سنوارنا چاہتی ہے تو کروڑ نمازیوں کی جماعت کی تیاری کریں۔

انہوں نے کہا کہ اللہ کو گواہ بنا کر پوری ایمانداری اور دیانت داری کے ساتھ کہہ رہا ہوں کی اس نظام میں کوئی حل نظر نہیں آتا، اگر ملک بچانا ہے تو اس کا ایک ہی حل ہے کہ جس طرح جنوری کے لانگ مارچ میں اذان دی تھی، اب اسی طرح جماعت ہوگی اور جماعت ضرور ہوگی۔ عوام ایک کروڑ نمازیوں کی جماعت کا حصہ بنیں، گھروں میں بیٹھے رہنے سے بہتر ہے کہ اپنے حقوق کے تحفظ، اپنی نسلیں اور ملک بچانے کے لئے باہر نکلیں اور ایک کروڑ نمازیوں کی جماعت کا حصہ بنیں۔انہوں نے کہا کہ میں غافل نہیں ہوں کوئی یہ نہ سمجھے کہ اذان دینے والے چلے گئے، ہم قوم کو تیاری اور جیت کر آنے والوں کو ڈلیور کرنے کا موقع دے رہے ہیں۔ میں 18 کروڑ عوام کے ساتھ کھڑا ہوں، مظلوم بیٹیوں کے ساتھ ہوں، بیوائوں کے ساتھ ہوں، ہاریوں، کسانوں، مزدورں اور دکھیوں کے ساتھ ہوں۔

انہوں نے پوری قوم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایک کروڑ نمازیوں کی تیاری کریں، کیونکہ اب جماعت ایک ہی بار ہوگی اور ان شااللہ کوئی شیطان نہیں بچے گا۔ پچھلی بار لانگ مارچ اور دھرنے کے دوران عوام گھروں میں ٹی وی پر بیٹھے دعائیں کرتے رہے، گھروں میں بیٹھ کر دعاؤں کی ضروت نہیں ہے، بلکہ سڑکوں پر نکلنے کے لئے تیار ہو جائیں اور اپنے حقوق کو چھیننے کے لئے جماعت کا حصہ بنیں۔ اگر قوم کی اکثریت جماعت میں آگئی تو ان شاللہ اس ملک کا مقدر بدل جائے گا اور ملک کے وہ کروڑوں لوگ جو تبدیلی کی آس لگائے بیٹھے ہیں۔ تبدیلی چاہنے والے کروڑوں لوگوں اور عمران خان کو میرا پیغام ہے کہ اس بار یہ موقع ضائع نہ کریں اور جماعت کی تیاری کریں۔ آج بروقت پوری قوم کو اور تبدیلی چاہنے والے لیڈروں کو اور ان جوانوں کو جو چاہتے ہیں کہ ملک میں تبدیلی آئے ان کو دعوت دے رہا ہوں کہ تبدیلی کے لئے اس عظیم جدوجہد کاحصہ بن جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ بہت جلد جماعت کے لئے اٹھیں گے اور غریب عوام کے حقوق لٹیروں اور غاضبوں سے چھین کرغریبوں کی جھولیوں میں ڈالیں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top