یونان : مرکز منہاج القرآن ریندی میں عظیم الشان محفل نعت

مورخہ 19 اکتوبر 2013 بروز ہفتہ بعد نماز عصر مرکز منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان (ریندی) میں ایک عظیم الشان محفل ذکر و نعت منعقد ہوئی جس میں گردو نواح سے لوگوں کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔ محمد عرفان قادری نے تلاوت قرآن پاک سے اس کا آغاز کیا اور پھر باری باری مدینہ کے تاجدار صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں عکاشہ امجد، ناصر اکبر اور خصوصی طور پر فیاض احمد گوہر نے اپنی حاضری لگوائی جبکہ نقابت کے فرائض انتہائی محبت سے محمد آصف قادری چک بساوا نے ادا کئے۔

صوفی عبید اللہ چشتی (ڈائریکٹر مرکز منہاج القرآن ماراتھونا، نیا ماکری) نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن قرآن کا منہاج ہے اور قرآن پاک میں اللہ تبارک و تعالیٰ اپنی بارگاہ میں شکر ادا کرنے کا حکم دیتا ہے سورۃ بقرہ میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ اے بندے تو میرا شکر ادا کراور ناشکری نہ کر۔اب جب اللہ تعالیٰ شکر ادا کرنے کا حکم دیتا ہے تو یہ بات حکمت سے خالی نہیں ہے۔ ایک تو اللہ تعالیٰ نے ہمیں انسانوں کی صف میں پیدا کیا اور دوسرا افضل ٹھہرایا اور انسانوں ہی میں اپنے ایک لاکھ چوبیس ہزار نبی بھیج کر مزید عزت عطا کی، اور ان میں سے 313چن کر رسولوں کی صف میں کھڑا کر دیا اور پھر رسولوں میں سے جن چار کو چنا ان میں سے اپنے پیارے مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو ہمیں عطا کیا، سب سے اعلیٰ کتاب قرآن مجید اور سب سے اعلیٰ دین دین مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم عطا کر کے ہمیں سب امتوں سے بہترین امت بنا دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ شکر زبان سے بھی،دل سے بھی بلکہ جسم کے ہر اعضاء سے ادا کیا جا سکتا ہے جیسے آنکھ سے کسی کے گناہ کو دیکھ کر چھپا لینا یہ بھی شکر ہے، دل سے کسی کے متعلق برا خیال نہ کرنا یہ بھی شکر ہے، ہاتھ سے اللہ کا مال ملنے پر اس کو اللہ کی راہ میں خرچ کرنا بھی شکر کے زمرے میں آتا ہے۔منہاج القرآن کا پیغام بھی یہی ہے اور اسی لئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری بھی اللہ اور اس کے رسول مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیغام دنیا بھر میں پھیلا رہے ہیں۔آخر میں درودوسلام ودعا کے بعد حاضرین میں لنگر تقسیم کیا گیا۔

رپورٹ: مرزا محمد امجد جان (ناظم نشرواشاعت)

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top