یونان: سالانہ شہادت امام حسین (علیہ السلام) کانفرنس

مورخہ 24 نومبر بروز اتوار بعد از نماز ظہر مرکز منہاج القرآن ریندی (یونان) میں عظیم الشان سالانہ شہادتِ امام حسین کانفرنس کا اہتمام کیا گیا جس میں دور و نزدیک سے عاشقان اہل بیت اطہار نے سینکڑوں کی تعداد میں شرکت کی۔ اس کے علاوہ ملک بھر سے منہاج القرآن کے تمام ذیلی مراکز سمیت منہاج ویمن لیگ (خواتین) نے بھی بھر پور شرکت کی۔

محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جس کی سعادت قاری مدثر مصطفی(خطیب مسجد پیترالونا)نے حاصل کی۔ نقابت کے فرائض خالد محمود قادری(خطیب مسجد ہذا) نے اپنے روائتی انداز میں بڑی خوبصورتی سے ادا کئے، شان و عظمت اہل بیت اطہار کی خدمت میں منقبت ناصر اکبر، ننھے منھے عاشقِ اہل بیت راجہ حسیب علی، محمد رفیق، حاجی محمد بشیر شاد، مظہر اقبال، محمد احسن سیفی آف کوروپی، محمد شہزاد قادری آف مینیدی اور صدر منہاج نعت کونسل یونان سجاد حسین قادری نے علامہ نور احمد نور (ڈائریکٹر منہاج القرآن ناروے) کا لکھا ہوا کلام اپنی خصوصی آواز میں پیش کیا جس پر تمام ہال نعروں اور حسینیت زندہ باد یذیدیت مردہ باد کی آواز سے گونج اٹھا۔

خصوصی خطاب کے لئے دعوت دینے سے پہلے چند لمحات کے لئے خالد محمود قادری نے شاگرد رشید حضور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری علامہ نور احمد نور (ڈائریکٹر منہاج القرآن ناروے) کا تعارف اوران کے محبت اہل بیت کی خدمت میں لکھے ہوئے کلام (جو کہ خود بھی مصنف ہیں) سے حاضرین کو متعارف کرایا۔ اپنے خطاب کا آغاز کرتے ہوئے علامہ نور احمد نور نے اہل بیت اطہارکی خدمت میں لکھا ہوا اپنا کلام کچھ اس انداز سے پیش کیا کہ ہال میں بالکل خاموشی سی چھا گئی اور کوئی بھی آنکھ ایسی نہ ہو گی جس میں (کربلا میں شہادت امام حسین اور ان کی آل کی شہادتوں کی یاد میں) آنسو نہ نکلے ہونگے۔ امام حسین تو وہ امام تھے جن کے بغیر جنت کی خوبصورتی بھی نا مکمل ہے کیونکہ جب تک حسن اور حسین جنت میں داخل نہیں ہونگے اس وقت تک جنت مکمل ہی نہ ہو گی یا یوں کہہ لیں کہ درحقیقت جنت تو بنی ہی ان پاک ہستیوں کے لئے تھی جن کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے چلنا بھی اپنے پاوں پر سکھایا ہو، جن کاکھلونا زلف مصطفی ہو، جن کا بیٹھنا سینہ محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور مہر نبوت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر ہو، جن کی پیاس بجھانے کے لئے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زبان اقدس ہو، حسین مجھ سے ہے اور میں حسین سے ہوں، جو شبیہ مصظفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بھی ہوں۔ ارے بدبخت یزیدیو تم نے اہل بیت سے مودت کا یہ صلہ دیا تم کیا سمجھتے ہو کہ حسین کا پانی کو ترستے تھے،ہمارا تو ایمان ہے کہ ترسا ہو گا پانی لبِ حسین کو۔ کردار حسین ہمیں آج سبق دیتا ہے موجودہ یزیدی کردار کے لوگوں کو رد کر دو اور اگر دنیا اور آخرت میں سر خرو ہونا چاہتے ہو تو حسینی کردار کو سامنے رکھ کر فیصلہ کرو تا کہ روز قیامت کہیں ہمیں پنجتن پاک کے سامنے شرمندہ نہ ہونا پڑے۔ آخر میں صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان رانا محمد وقار خان نے تمام آنے والے مہمانوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور مہمانوں میں مرزا محمد امجد جان (یونیورسل سروس)کی طرف سے لنگر حسینی تقسیم کیا گیا۔

رپورٹ: مرزا امجد جان

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top