جاگیرداروں، سرمایہ داروں، کرپٹ لیڈروں، طاقتور اور استحصالی گروہوں نے ملک پر قبضہ کر رکھا ہے۔ خرم نواز گنڈا پور

پاکستان عوامی تحریک قومیت کا تصور دوبارہ اجاگر کر کے نفرتوں کا خاتمہ چاہتی ہے
کرپشن کے خاتمے اورمعاشی ترقی کیلئے ذہین قیادت لانے کی ضرورت ہے
ظالمانہ نظام کو سمندر برد کرنے کیلئے دو کروڑ ووٹرز سے نہیں بلکہ دو کروڑ نمازیوں کے ساتھ تبدیلی آئے گی
ڈاکٹر طاہر القادری غریبوں کے روزگار، بیٹیوں کی عزت، مزدوروں کی خوشحالی اور عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں

پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ پاکستان وہ گھر ہے جو بر صغیر کے بسنے والے مسلمانوں کیلئے اور یہاں کے غیر مسلم باسیوں کیلئے بنایا گیا تھا۔ آج عوام کو اسی گھر سے بے دخل کر کے جاگیرداروں، سرمایہ داروں، کرپٹ لیڈروں، طاقتور اور استحصالی گروہوں نے اس پر قبضہ کر رکھا ہے۔ قوم کی بد نصیبی ہے کہ 66 سال سے نافذ ظالمانہ اور استحصالی نظام نے قوم کا حال اور مستقبل تباہ کر دیا ہے۔ ظالم، مفاد پرست اور طاقت ور طبقات نے گٹھ جوڑ کے ذریعے اس قوم کا حال اور مستقبل چھین لیا ہے۔ قوم سے وہ پاکستان چھین لیا ہے جو 1947ء میں قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ نے مسلمانان ہند کی قیادت کرتے ہوئے انہیں عطا کیا تھا۔ آج پارلیمنٹ، اقتدار، حکومت، جمہوریت، انتخابات، دولت، سیاست، قانون و انصاف تمام شعبوں پر اشرافیہ کا قبضہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن لاہور میں پاکستان عوامی تحریک کے تحت منعقدہ سیمینار بعنوان’’عوام کی حالت زار‘‘سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر بشارت عزیز جسپال، فیاض وڑائچ، جواد حامد، ساجد بھٹی، چودھری افضل گجر، ایم ایچ شاہین ایڈووکیٹ، آصف سلہریا ایڈووکیٹ اور حافظ غلام فرید بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہدیہ ہے کہ پاکستان کو دوبارہ سے قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ کے اصولوں پر تعمیر کیا جائے۔ پاکستان کا بطور ریاست کردار دوبارہ متعین کیا جائے اور ہر شہری کو پاکستان کے اندر ایسی پر سکون زندگی ملے کہ محب وطن شہری بن سکے۔ پاکستان عوامی تحریک قومیت کا تصور دوبارہ اجاگر کر کے نفرتوں کا خاتمہ چاہتی ہے۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ اخوت و وحدت کے پیغام کو عام کرنا ہو گا۔ قتل و غارت گری اور دہشت گردی کا خاتمہ کرنا ہو گا۔ اس کیلئے سیاسی نظام کو بدلنے کی ضرورت ہے۔ الیکشن کے نظام کو بدلنے کی ضرورت ہے۔ حکومتی نظام میں شفافیت رائے کی ضرورت ہے۔ معاشی ترقی کیلئے کرپشن کو ختم کر کے ذہین قیادت لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام مسائل کو حل کرنے کیلئے ایک بہت بڑے انقلابی تبدیلی پر مبنی نظام کی ضرورت ہے۔ ملکی مسائل کا حل موجودہ نظام میں نہیں ہے۔ اس عوام دشمن نظام کی پیداوار سرمایہ دار، جاگیردار اور نا اہل سیاسی لیڈرز ہیں۔ اس نظام کی بساط الٹنا ہو گی۔ پاکستان عوامی تحریک اس ظالمانہ نظام کو سمندر برد کرنے کیلئے دو کروڑ ووٹرز نہیں بلکہ دو کروڑ نمازیوں کے ساتھ تبدیلی لائے گی۔ پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہد افراد کے خلاف نہیں بلکہ نظام کے خلاف ہے۔ پاکستان کے کروڑوں غریب و مظلوم عوام پاکستان عوامی تحریک اور ڈاکٹر طاہر القادری کے دست و بازو ہیں۔ پاکستان کے محروم لوگ پاکستان عوامی تحریک کے ساتھ ہیں۔ ساری قوم پاکستان عوامی تحریک کے ساتھ مل کر ملک کے استحکام اورقوم کے حقوق کیلئے جنگ لڑے گی۔ ڈاکٹر طاہر القادری اس ملک کو اشرافیہ کے قبضے سے چھڑا کر دم لیں گے۔ لٹا ہوا ملک غریبوں کو لوٹا کر دم لیں گے۔ ڈاکٹر طاہر القادری غریبوں کے روزگار، بیٹیوں کی عزت، مزدوروں کی خوشحالی اور عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top