لاہور: منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام سیدہ زینب (رض) کانفرنس

مورخہ یکم دسمبر 2013ء بروز اتور منہاج القرآن ویمن لیگ علامہ اقبال ٹاؤن سی کے زیراہتمام ’’اسوہِ سیدہ زینب سلام اللہ علیہا اور آج کی عورت‘‘ کے عنوان سے کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں علاقہ بھر سے خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پروگرام کا انعقاد تلاوت کلام مجید، نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور اہل بیت اطہار کی شان میں منقبت شریف سے ہوا۔ کانفرنس کی مہمان خصوصی محترمہ خانم ہما تقوی (مجلس وحدت المسلمین) تھیں، جبکہ دیگر مہمانان گرامی میں جی سی ٹی کی سابقہ صدر پروفیسر زاہدہ حمید، نائب ناظمہ منہاج القرآن ویمن لیگ محترمہ عائشہ شبیر اور محترمہ نبیلہ ظہیر شامل تھیں۔

پروگرام میں مقررین نے سیدہ زینب علیہا السلام کی عالی شان خدمات اور ظالم حکمرانوں کے سامنے جرات و استقامت کا مظاہرہ کرنے پر خراج تحسین پیش کیا، اور حاضرین کو اسلام کے لئے دی جانے والی بے مثال قربانیوں اور عظیم خدمات سے روشناس کروایا۔

نائب ناظمہ منہاج القرآن ویمن لیگ نے اظہار خیال کرتے ہوئے شرکاء کو پیغام دیا کہ موجودہ دور میں بھی خواتین کو ظالم سامراج اور وقت کے یزیدوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری موجودہ دور میں ظالم نظام کے خلاف علم بغاوت بلبند کئے ہوئے ہیں اور خواتین کو بھی سیدہ زینب علیہا السلام کی سیرت پر عمل پیرا ہوتے ہوئے اس معرکہ حق و باطل میں شریک ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں رائج، دھن، دھونس، دھاندلی، دہشت گردی، غنڈہ گردی پر مبنی آدم خور کرپٹ نظام کے خلاف شیخ الاسلام کی طرف سے دیا جانے والا ایک کروڑ نمازیوں کے ہدف کو سامنے رکھتے ہوئے جوق در جوق اس قافلہ میں شریک ہونا ہوگا تاکہ ہم اور ہماری آئندہ نسلیں سکھ کا سانس لے سکیں۔

کانفرنس کا اختتام دعائے خیر سے ہوا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top