عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے ڈاکٹر طاہر القادری کی احتجاجی ریلیوں کی غیر مشروط حمایت کر دی

موجودہ قیادت کے پاس مسائل کا حل نہیں، عوام کو اپنے حقوق کے لیے نکلنا ہو گا۔ خرم نواز گنڈاپور
پاکستان عوامی تحریک کی احتجاجی ریلیوں میں عوامی مسلم لیگ بھرپور شرکت کرے گی۔ شیخ رشید احمد

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپورکی قیادت میں عوامی تحریک کا وفد عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد سے ملاقات کے لیے کل لال حویلی پہنچا۔ جہاں انہوں نے رسمی طور پر شیخ رشید احمد کو پاکستان عوامی تحریک کی ملک کی موجودہ تباہ حال صورت حال کے خلاف 29 دسمبر کو لاہور اور 5 جنوری کو راولپنڈی میں ہونے والی احتجاجی ریلیوں میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی۔ راولپنڈی لال حویلی میں عوامی تحریک کے وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرت ہوئے خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ ہمارے شیخ رشید احمد سے قریبی تعلقات ہیں، عوامی مسائل کے حل کے لیے نظریات اور فکر میں ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ ہم یہاں شیخ رشید احمد کے پاس ڈاکٹر طاہر القادری کی خصوصی ہدایت پر آج یہاں لال حویلی آئے ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے کہا کہ ملک میں اپوزیشن برائے نام رہ گئی ہے۔ حقیقی عوامی مسائل کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری، بجلی اور گیس کی بندش، کرائیوں میں اضافہ، قتل و غارت گری اور دہشت گردی کے سدباب کے لیے اسمبلی کے اندر اور باہر آواز نہیں اٹھائی جا رہی۔ اداروں کی نجکاری سے ملک نیا معاشی بحران پیدا ہو جائے گا۔ دوسری طرف حکومت نے کالا دھن سفید کرنے کی تیاریاں کی ہوئی ہیں۔ اربوں روپے کی سرمایہ کاری کرنے والوں سے بھی کسی قسم کی پوچھ گچھ کو پسِ پشت ڈال دیا گیا ہے۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشیداحمد نے کہا ہے کہ نظام کی تبدیلی کے لئے ڈاکٹر طاہرالقادری کے ساتھ نکلنے کے لئے تیار ہوں۔ ہم نے پہلے لانگ مارچ میں بھی ڈاکٹر طاہر القادری کا ساتھ دیا تھا۔ اب بھی ان کے ساتھ ہیں اور آئندہ بھی ان کے ساتھ ہی رہیں گے۔ قوم کو جلد خوشخبری ملے گی اور استحصالی نظام کاخاتمہ ہوگا۔

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد اس وقت پارلیمنٹ میں عوام کی آواز بن کر اپوزیشن کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ نظام کی تبدیلی اور ملک سے ظلم، جبر، مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف مل کر جدوجہد کرنے اور آئندہ رابطے اور مشاورت جاری رکھنے پر بھی باہمی اتفاق رائے ہوگیاہے۔ اس موقع پر پا پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے عوامی مسلم لیگ کے قائد کی طرف سے غیر مشروط حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ عوام خودکشیاں کر رہے ہیں اور حکمرانوں کے پاس نہ کوئی پالیسی ہے، نہ ویژن ہے نہ ہی ان کی نیت ہے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ان کی یہ خواہش ہے کہ عوامی مسلم لیگ، پاکستان عوامی تحریک اور پاکستان تحریکِ انصاف مل کر اس کرپٹ نظام کے خلاف جدو جہد کریں تو جلد نتیجہ حاصل ہو سکتا ہے۔

خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ہم پی ٹی آئی کو لانگ مارچ دھرنے کے دوران پبلکلی بھی دعوت دے چکے ہیں اور تعمیری سوچ اور عوام کی بہتری کے لیئے کام کرنے والی جماعتوں کا اتحاد پر یقین رکھتے ہیں۔ عوام میں شعور بیدار ہو رہا ہے۔ موجودہ صورت حال اور حکمرانوں کی پالیسیوں سے عوام سخت تنگ آ چکی ہے۔ وہ وقت دور نہیں جب عوامِ پاکستان اٹھ کر اس فرسودہ، استحصالی، جاگیردارانہ، وڈیرانہ نظام کو اکھاڑ کر پھینک دیں گے اور ملک میں حقیقی، عوامی، جمہوری انقلاب کا سویرا طلوع ہو گا۔

وفد میں صدر پاکستان عوامی تحریک ملک افضل، نائب صدر ملک طاہر جاوید، علامہ حیدر علوی، صدر پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد ریاست علی، صدرتحریک منہاج القرآن اسلام آباد ابرار رضا، میڈیا ایڈوائزر خاور عباس، مصطفی حسین خان، سید شجاعت کاظمی اور مبشر رندھاوا بھی موجودتھے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top