ہالینڈ: مسلمانوں کو آپس میں باہمی اخوت کے رشتے کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ علامہ حافظ نذیر احمد قادری

منہاج القرآن انٹرنیشنل ہالینڈ کے زیر اہتمام مورخہ 22 دسمبر 2013 بروز اتوار کو ہفتہ وار مجلس علم وذکر منعقد ہوئی، جس میں گرد ونواح سے رفقا کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز مجتبیٰ ہاشمی کی خوبصورت آواز میں تلاوت قرآنِ مجید سے ہوا جبکہ بارگاہِ رسالت مآب میں ہدیہ نعت سکندرخان مہید چوہدری اور سعید چوہدری نے پیش کیا۔

ہفتہ وار مجلسِ علم و ذکر سے خطاب کرتے ہوئے علامہ حافظ نذیر احمد القادری نے سورہ نسآء کا شان نزول اور ترجمہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح ایک خاندان کی انتہا ایک شخص پر جا کر رک جاتی ہے اور وہ شخص خاندان کا سربراہ ہوتا ہے اسی طرح تما م انسانوں کی انتہا بھی ایک انسان پر جا کر رک جاتی ہے اور اس انسان کا نام حضرت آدم علیہ السلام ہے، لہذا ہر انسان کو چاہیے وہ آپس میں خیرخواہی کا رویہ اپنائے تاکہ دنیا میں امن محبت اور باہمی رشتوں کو مضبوط بنایا جا سکے کیونکہ سب انسانوں کی جڑ ایک ہی ہے اور سب انسان ایک ہی درخت کی شاخوں اور پھولوں کی مانند ہیں۔

منہاج القرآن دی ہیگ کے زیر اہتمام منعقد مجلسِ علم وذکر سے خطاب کرتے ہوئے علامہ حافظ نذیر احمد قادری نے مزید کہا کہ ہم مسلمانوں کو قوم اور نسل پر فخر نہیں کرنا چاہیے اور آپس میں اور اپنے رشتے داروں سے حسنِ سلوک کا رویہ اپنانا چاہیے بلکہ حدیث نبوی کے مطابق آقاِ دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا ہے کہ اگر رزق میں کشادگی چاہتے ہو تو اپنے رشتے داروں سے اچھا سلوک کیا کرو۔

رپورٹ: امانت علی چوہان

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top