29 دسمبر کو عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر کرپٹ نظام انتخاب، مہنگائی اور کرپشن کے خلاف لاہور میں موجزن ہو گا۔ چودھری افضل گجر

29 دسمبر کینسر زدہ نظام کی سرجری کے آغاز کا دن ہو گا۔ حافظ غلام فرید

پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر چودھری افضل گجر نے کہا ہے کہ پاکستان ایک نظریاتی ملک ہے مگر 66 سال سے یہاں اسلاف کے نظریات اور اسلامی اقدار دونوں کا وجود وقت کے ساتھ تنزلی کا شکار رہا اور اب نوبت یہاں تک پہنچ گئی ہے کہ ریاست پاکستان کو سنگین خطرات نے گھیر رکھا ہے۔ ڈاکٹر محمد طاہر القادری29دسمبر کو ہونے والی احتجاجی ریلی میں لاکھوں افراد کے سامنے حقیقی تبدیلی کا لائحہ عمل رکھیں گے۔ دسمبر کا آخری عشرہ پاکستان کی تکمیل کی طرف اہم قدم ہو گا۔ عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر ملک میں روایتی سیاست، کر پٹ نظام انتخاب، مہنگائی اور کرپشن کے خلاف لاہور میں موجزن ہو گا۔ وہ پاکستان عوامی تحریک لاہور کے زیر اہتمام ’’سیاست نہیں وطن بچاؤ‘‘ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر تحریک منہاج القرآن لاہور کے ناظم حافظ غلام فرید، ثناء اللہ، حاجی اسحاق، شہزاد رسول قادری اور دیگر قائدین بھی موجود تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے تحریک منہاج القرآن لاہور کے ناظم حافظ غلام فرید نے کہا کہ موجودہ انتخابی نظام کی قباحتوں نے عوام کو حقیقی جمہوریت سے کوسوں دور کر دیا ہے۔ الیکشن کی رسم کو جمہوریت کہنے والا دو فی صد طبقہ عوام کے حقوق پر شب خون مارنا وراثتی حق سمجھتا ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ اس بد تر ین آکٹوپس جو موجودہ نظام انتخاب کی شکل میں عوام کو جکڑے ہوئے ہے، کے بازو کاٹ کر اپنے آپ کو آزاد کروایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر طاہر القادری کی جدوجہد ملک کو حقیقی جمہوریت سے ہمکنار کرنے سے عبارت ہے اور عوام کے چہرے پر خوشحالی اور سکون کی رونق اس وقت تک واپس نہیں آ سکتی جب تک موجودہ نظام انتخاب سے غیر جمہوری اجزاء کا خاتمہ نہیں کر دیا جاتا۔ 29دسمبر کینسر زدہ نظام کی سرجری کے آغاز کا دن ہو گا۔ ریاست کے استحکام کے ساتھ ہی 19کروڑ عوام کی خوشیاں وابستہ ہیں۔ عوام کو ڈاکٹر طاہر القادری کے ایجنڈے کے ساتھ اتفاق کر کے حقیقی جمہوریت کیلئے وہی کردار ادا کرنا ہو گا جو تحریک پاکستان کے وقت کیا تھا۔ مسلمانان ہند نے انگریز کی غلامی سے نجات حاصل کی تھی، آج موجودہ ظالمانہ نظام انتخاب کی غلامی سے نجات کا مسئلہ درپیش ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top