ماہ میلاد کا آغاز پوری مسلم دنیا کیلئے خوشی اور مسرت کا عجیب احساس لے کر آتا ہے

ذات مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے کمزور پڑھنے والے تعلق کو بحال اور مضبوط کرنے کیلئے ماہ میلاد بہترین مہینہ ہے
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا ربیع الاول کے مبارک ماہ کے آغاز پر مسلم امہ کے نام پیغام
ماہ ربیع الاول کا چاند نظر آنے پر تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی

اسلام آباد ( )02جنوری 2014ء شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے ماہ ربیع الاول شریف کے آغاز پر مسلم امہ کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت مبارک کی خوشی منانے سے بڑھ کر دنیا میں کوئی خوشی نہیں ہے۔ میلاد کے مبارک ماہ کا آغاز پوری مسلم دنیا کیلئے خوشی اور مسرت کا عجیب احساس لے کر آتا ہے۔ اس مبارک مہینے کی خوشیوں کے آگے ہماری ذاتی اور اجتماعی خوشیاں ہیچ ہیں۔ تحریک منہاج القرآن کے وابستگان کارکنان عوام الناس اور مسلم امہ پوری دنیا میں محافل میلاد کا انعقاد کر کے دنیا کو امن، سلامتی، محبت، برداشت اور احترام انسانیت کا پیغام دیں۔

انہوں نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت سے بڑھ کر کائنات میں کوئی خوشی نہیں، ذات مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے کمزور پڑھنے والے تعلق کو بحال اور مضبوط کرنے کیلئے ماہ میلاد بہترین مہینہ ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ دنیا بھر میں آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے میلاد کی دھوم مچانا ہر امتی کی اولین ترجیح ہونی چاہیے کیونکہ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے محبت تعلیمات مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر عمل کرنے کی تحریک دیتی ہے۔ دریں اثنا ماہ ربیع الاول کا چاند نظر آنے پر تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، نماز مغرب کے بعد خصوصی نوافل ادا کئے گئے۔ فائر ورک کا مظاہرہ کیا گیا اور مرکزی سیکرٹریٹ میں موجود افراد نے معانقہ کر کے ایک دوسرے کو ماہ ربیع الاول کا چاند نظر آنے کی مبارکباد دی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top