سرور کونین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا میلاد کائنات کی سب سے بڑی نعمت ہے: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری

عالمی میلاد کانفرنس پوری دنیا میں آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے میلاد کے حوالے سے اپنی منفرد پہچان بنا چکی ہے
صرف لاہور سے لاکھوں افراد مینار پاکستان پر عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کریں گے
تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا ورکرز کنونشن سے خطاب

تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا کہ سرور کونین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا میلاد کائنات کی سب سے بڑی نعمت ہے اور اس کی جتنی بھی خوشی منائی جائے کم ہے۔ ماہ ربیع الاول اس عظیم نعمت کا شکر بجا لانے کا مہینہ ہے۔ ا نہوں نے کہاکہ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کا جشن منانا ایمان کا تقاضا ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے عشق کا اظہار کرنے کا بہترین موسم آگیا ہے۔ تحریک کے کارکن آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خوشی دیوانہ وار منائیں۔ وہ گزشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں سالانہ عالمی میلاد کانفرنس2014ء کی تیاریوں کے حوالے سے منعقدہ ورکرز کنونشن سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر امیر تحریک صاحبزادہ فیض الرحمن درانی، خرم نواز گنڈا پور، ، شیخ زاہد فیاض ,ارشاد طاہر، حافظ غلام فرید، الطاف رندھاوا، چودھری افضل گجر، شہزاد رسول مختلف نظامتوں کے ناظمین اور 70 سے زائدانتظامی کمیٹیوں کے سربراہان بھی موجود تھے۔

سربراہ میلاد کانفرنس 2014ء شیخ زاہد فیاض نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمدطاہر القادری کواس موقع پر مینار پاکستان پر منعقد ہونے والی عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی جس پر انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔ اس برس بھی دنیا بھر سے مشائخ عظام اور علمائے کرام کثیر تعداد میں عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ اس حوالے سے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ شیخ زاہد فیاض نے اس حوالے سے تفصیل سے شیخ الاسلام کو آگاہ کیا۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ آقا کے میلاد پر دنیائے اسلام کے سب سے بڑے اجتماع کو کامیاب ترین بنانے کے لئے کارکن دن کا چین، رات کی نیند حرام کرلیں اور صرف لاہور سے لاکھوں افراد کی مینار پاکستان پر عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن پوری دنیا میں سرور کونین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عشق کا پیغام عام کرنے میں مصروف ہے۔ مینار پاکستان پر عالمی میلاد کانفرنس پوری دنیا میں آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے میلاد کے حوالے سے اپنی منفرد پہچان بنا چکی ہے۔ تحریک منہاج القرآن کے کارکن اور اہل لاہور مبارکباد کے مستحق ہیں کہ سرور کونین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کا سب سے بڑا پروگرام لاہور میں ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ہی کرم ہے کہ دنیا کے سو سے زائد ممالک میں تحریک کے قائم کردہ اسلامک سنٹرز عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا پیغام عام کرنے میں مصروف عمل ہیں۔ ڈاکٹرمحمد طاہر القادری نے کہا کہ اہل پاکستان خوش نصیب ہیں جو ہر سال انہیں عالم اسلام کی سب سے بڑی میلاد کانفرنس کے انعقاد کی سعادت نصیب ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے تعلق عشقی کی بحالی اور مضبوطی پر بھر پور محنت کی جائے تا کہ اللہ کی ناراضگی ختم ہو اور ہماری اجڑی زندگیوں میں بہار لوٹ آئے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top